صحافی ارشد ملک کیخلاف ایف آئی آر حق و سچ کی آواز دبانے کی کوشش(صحافی تنظیمیں)

ارشد ملک کے خلاف ایف آئی اے کی مبینہ ہراسانی، صحافی تنظیموں کا احتجاج

ملتان ( بیٹھک رپورٹ ) سینیئر صحافی ارشد ملک کو پرائیویٹ یونیورسٹی کے مالکان سے مبینہ طور پر ملی بھگت کر کے فیڈرل انوسٹیگیشن ایجنسی کی جانب سے ہراساں کرنے اور ایف آئی اے حکام کی سہولت کاری کرتے ہوئے ملتان الیکٹرک پاور کمپنی کے حکام کی جانب سے ان کے گھر کے میٹر میں ٹمپرنگ کر کے جھوٹے مقدمے کا اندراج کرانے کے معاملے پر صحافی تنظیمیں سراپا احتجاج بن گئیں۔
تفصیل کے مطابق ملتان یونین آف جرنلسٹس نے ایڈیٹر رپورٹنگ روزنامہ “اوصاف” ملتان ارشد ملک کے خلاف ایف آئی اے کی جانب سے بد نیتی پر مبنی بجلی چوری کے الزامات کے تحت درج کی جانے والی ایف آئی آر کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے اختیار سے تجاوز قرار دیا ہے ، ایم یو جے نے وفاقی وزارت داخلہ و ایف آئی اے حکام سے اس ایف آئی آر کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
، ایم یو جے کے صدر ملک شہادت حسین اور جنرل سیکرٹری مظہر خان سمیت دیگر عہدیداروں نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ایڈیٹر رپورٹنگ روزنامہ اوصاف ملتان ارشد ملک ملتان کے ایک نجی تعلیمی ادارے کے ریکٹر و مالک اور ان کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر اہلیہ کی مشکوک/جعلی ڈگریوں اور ایکریڈیٹیش کونسلز سے منظوری لیے بغیر متعدد پروگرامز شروع کرنے کے حوالے سے خبروں کی اشاعت کر رہے تھے، جس کے بعد اس ادارے کی جانب سے انہیں دھمکیاں بھی موصول ہوئیں۔
لیکن ارشد ملک نہ صرف اپنی خبروں پر قائم رہے بلکہ انہوں نے مزید چشم کشا انکشافات پر مبنی خبروں کی اشاعت بھی کی ، ایڈیٹر رپورٹنگ روزنامہ اوصاف ملتان ارشد ملک نے بتایا ہے کہ بدھ کے روز ایف آئی اے ملتان کے بعض افسران نے پرائیویٹ یونیورسٹی کی انتظامیہ کی ملی بھگت سے ایک جعلی کاروائی کی، ایف آئی اے کی ٹیم کے ہمراہ میپکو کے چند افسران و اہلکار بھی شامل تھے، پہلے پہل ایک نا معلوم شخص نے ان کے گھر کے باہر لگے بجلی کے میٹر پر آ کر سوراخ کیا ۔
جس کے بعد ایف آئی اے اور میپکو کے ملازمین آئے اور انہوں نے اسے بجلی چوری قرار دیتے ہوئے میٹر اتار لیا، جس کی وجہ سے ان کے اہل خانہ کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ایف آئی اے ملتان کے چند افسران کے ایماء پر بجلی چوری کا ایک مقدمہ بھی بغیر کسی میپکو کی محکمانہ رپورٹ کے درج کر لیا گیا، ایم یو جے کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے جیسے معتبر ادارے کے ملتان میں تعینات اہلکاروں نے اختیارات سے تجاوز کیا جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ، ایم یو جے کے عہدیداروں کا کہنا تھا کہ ارشد ملک ایک اچھی ساکھ کے حامل تحقیقاتی صحافت کرنے والے سینئر صحافی ہیں، ان کے خلاف کسی بھی کارروائی کی نہ صرف مذمت کرتے ہیں ۔
بلکہ ایم یو جے ان کے خلاف کسی بھی اوچھے ہتھکنڈے کے استعمال پر ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ، ایم یو جے کے عہدیداروں نے ایڈیٹر رپورٹنگ روزنامہ اوصاف ملتان ارشد ملک کے خلاف درج ایف آئی آر فوری طور پر خارج کرنے اور ایف آئی اے جیسے معتبر ادارے کو اس طرح ذاتی مقاصد کے لیے استعمال کرنے والوں کے خلاف تحقیقات کر کے قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ بصورت دیگر ملتان سمیت ملک بھر میں صحافی اختیارات کے اس تجاوز کے خلاف احتجاج کا آغاز کریں گے جس کی تمام تر ذمہ داری ایف آئی اے ملتان کی انتظامیہ پر ہو گی۔

یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں