آزادی اظہار ِ رائے اور محنت کشوں کے حقوق کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے(ملتان یونین آف جرنلسٹس)

“مزدوروں کے حقوق: ملتان یونین آف جرنلسٹس کا مزدوروں کے عالمی دن پر اعلامیہ”

ملتان (وقائع نگار) مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر ملتان یونین آف جرنلسٹس کا اعلامیہ ملتان یونین آف جرنلسٹس نے ملک بھر میں مزدوروں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تمام تنظیموں سے اظہار یکجہتی کیا اور عہد کیا کہ وہ محنت کشوں کے حقوق کی جدوجہد میں ہر سطح پر ان کا ساتھ دے گی۔
ایم یو جے مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر دنیا بھر کے محنت کشوں، خاص طور پر پاکستان کے مزدوروں اور صحافی برادری کے ان قلم کے مزدوروں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے جو انتہائی مشکل حالات میں بھی معاشرے کی ترقی اور معلومات کی فراہمی کے لیے دن رات محنت کرتے ہیں۔
ملتان یونین آف جرنلسٹس کے صدر ملک شہادت حسین ، جنرل سیکرٹری مظہر خان تمام عہدیداران سمیت ممبران مجلس عاملہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے ایم یو جے حکومت پاکستان صنعتی اداروں اور نجی شعبے سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ مزدوروں کے بنیادی حقوق، منصفانہ اجرت، محفوظ کام کے ماحول اور سماجی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کریں۔ خاص طور پر صحافی برادری جو اکثر غیر محفوظ ملازمت کے حالات، تنخواہوں میں تاخیر اور پیشہ ورانہ خطرات کا سامنا کرتی ہے۔
، کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے، جاری کردہ اعلامیہ میں واضح کیا گیا ہے کہ ایم یو جے صحافتی اداروں کیلئے مالی مشکلات پیدا کرنے جیسے تمام حربوں کیخلاف منظم جدوجہد کا عزم کرتی ہے، پریس اور اظہار رائے کی آزادی کے لئے ماضی کی طرح بھرپور جدوجہد جاری رکھے گی اور ملک بھر میں صحافی برادری کے آئینی حقوق کے لئے ہمیشہ کی طرح اپنا کردارادا کریگی ایم یو جے کے عہدیداروں نے کہا کہ صحافتی تنظیموں نے ہمیشہ جمہوریت کو مضبوط کرنے میں اپنا کردار ادا کیا ہے جمہوری ادوار میں صحافت کیخلاف سازشیں صحافی دشمن پیکا ایکٹ جیسے کالے قوانین کے تحت صحافیوں کی گرفتاریاں اور قلم کے مزدوروں کا معاشی و جسمانی قتل عام اور ان کو دھمکانا انتہائی نامناسب عمل ہے جس کی پر زور مذمت کرتے ہیں۔
، ملتان یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے مزید کہا گیا کہ حکومت کیجانب سے میڈیا دشمن حکمت عملی کی وجہ سے ہزاروں صحافی بے روزگار اور درجنوں میڈیا ہاؤسز بند ہوچکے ہیں، مزدور طبقہ کسی بھی معاشرے کی ریڑھ کی ہڈی ہے، بدقسمتی سے پاکستان میں محنت کشوں، خاص طور پر صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو مسلسل استحصال، مالی عدم تحفظ کا سامنا ہے۔ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ صنعتی اصلاحات اور مزدور قوانین کو مؤثر طریقے سے نافذ کیا جائے، کم از کم اجرت کو موجودہ معاشی حالات کے مطابق بڑھایا جائے،۔
اور صحافیوں کے خلاف غیر قانونی کارروائیوں کو روکا جائے، یونین نے زور دیا کہ تمام مزدوروں، بشمول صحافیوں، کو پرسکون اور محفوظ ماحول میں کام کرنے کا حق دیا جائے۔ اجرتوں میں اضافہ کیا جائے اور تنخواہوں کی بروقت ادائیگی یقینی بنائی جائے۔
صحافیوں کے خلاف تشدد، ہراسانی یا غیر قانونی گرفتاری کے واقعات روکے جائیں اور ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دی جائے۔ ملتان یونین آف جرنلسٹس کے صدر ملک شہادت حسین اور جنرل سیکرٹری مظہر خان نے ملک بھر میں مزدوروں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تمام تنظیموں سے یکجہتی کا اظہار کیا اور عہد کیا کہ وہ محنت کشوں کے حقوق کی جدوجہد میں ہر سطح پر ان کا ساتھ دیں گے

یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں