جنوبی پنجاب میں درخت کاری، تعلیم اور موسمیاتی تبدیلی سے متعلق برطانوی تعاون
ملتان( خصوصی رپورٹر )برٹش ہائی کمیشن لاہور آفس کے سربراہ بن وارنگٹن نے ساوتھ پنجاب سیکرٹریٹ میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی۔ بن وارنگٹن نے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات پر کنٹرول کے حوالے سے حکومت کے اقدامات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی نے انہیں بتایا کہ موسمیاتی تبدیلی سے زرعی پیداوار متاثر ہورہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات کم کرنے کے لئے آلودگی پھیلانے والی صنعتوں، بھٹوں اور گاڑیوں کے خلاف کاروائی کی جارہی ہے اور جنگلات کے رقبہ میں اضافہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
فواد ہاشم ربانی نے بتایا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ نے دریائے چناب میں سرکاری زمین پر جنگلات لگانےکا پلان تیار کیا ہے جس کے مطابق ملتان اور مظفرگڑھ کے ایریا میں400 ایکڑ پر سیڈ بال طریقہ سے آم کے درخت لگائے جائیں گے۔
انہوں نے جنوبی پنجاب میں شرح خواندگی میں اضافہ کے لئے” کوئی بچہ سکول سےباہر نہیں رہے گا” پروگرام بارے بھی بتایا اور کہا کہ ضلع لیہ میں پروگرام کامیابی سے مکمل ہونے کے بعد ضلع راجن پور اور لودھراں میں مہم لانچ کرنے کے لئے ورکنگ کی جا رہی ہے۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے پاکستان اور برطانیہ کے مابین تعلقات مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔بن وارنگٹن نے جنگلات اور شرح خواندگی میں اضافے کے منصوبوں میں تعاون فراہم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا اور کہا کہ سماجی خدمت کے منصوبوں میں تعاون ان کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے جنوبی پنجاب کی تہذیب اور ثقافت کے ورثے کو سراہا۔ انہوں نے بتایا کہ جنوبی پنجاب کے دورے کے موقع پر انہوں نے سرائیکی زبان کے الفاظ “ست بسم اللہ”سیکھے ہیں۔
یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں