وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کا دورہ بہاولپور ،بھارتی حملہ کے زخمیوں کی عیادت

خواجہ سلمان رفیق بہاولپور دورہ: بھارتی حملے کے زخمیوں کی عیادت

حاصل پور (تحصیل رپورٹر)صوبائی وزیر محکمہ صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے بہاول پور کا دورہ کیا۔خواجہ سلمان رفیق نے بھارت کے بزدلانہ حملے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے ہسپتال میں زیر علاج شہریوں کی عیادت کی اور طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر کمشنر بہاول پور ڈویژن مسرت جبیں، ڈی سی بہاول پور ڈاکٹر فرحان فاروق، ڈی پی او محمد حسن اقبال، پرنسپل قائداعظم میڈیکل کالج بہاول پور ڈاکٹر صوفیہ فرخ، سپیشل سیکرٹری ہیلتھ اینڈ پاپولیشن جنوبی پنجاب محمد شہباز حسین، ڈائریکٹر ہیلتھ اینڈ سروسز ڈاکٹر تنویر شاہ اور ایم ایس بہاول وکٹوریہ ہسپتال بہاول پور ہمراہ تھے۔
صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر ریسکیو1122کے عملہ سے بھی ملاقات کی۔ صوبائی وزیرصحت وچیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صورتحال کا جائزہ لینے فوری طوری پر بہاول پور پہنچا ہوں۔
ہسپتال میں زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہے۔خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ صوبہ بھرکے سرکاری ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذکرچکے ہیں۔ڈاکٹرز،نرسزاور پیرامیڈیکل اسٹاف زخمیوں کے علاج و معالجہ میں مصروف ہیں۔بھارت کی جانب سے رات کی تاریکی میں بزدلانہ حملوں کی پرزورمذمت کرتے ہیں۔
صوبائی وزیرصحت نے کہاکہ حکومت پاکستان اور پاک افواج بھارتی بزدلانہ کارروائیوں کا منہ توڑجواب دیں گے۔

یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں