وزیراعلیٰ کی ہدایت پر فلڈ رسک مینجمنٹ سروے کا ڈیرہ ڈویژن سے آغاز

فلڈ رسک مینجمنٹ سروے سے سیلابی علاقوں میں بچاؤ کے اقدامات

ڈیرہ غا زیخان (بیورو رپورٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پرڈیرہ غازیخان ڈویژن سے فلڈ رسک مینجمنٹ سروے کا آغاز کر دیا گیا ہے، صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ خواجہ سلمان رفیق نے ڈیرہ غازیخان پہنچ کر سر وے کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
اس حوالے سے ڈی جی خان آرٹس کونسل میں تقریب منعقد ہوئی جس میں کمشنر اشفاق احمد چوہدری، ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا، ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد، ڈی پی او سید علی، اربن یونٹ کی ڈاکٹر عروج سعید اور دیگر افسران موجود تھے. صوبائی وزیر نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ فلڈ رسک مینجمنٹ / میپنگ سروے نو، نو ماہ کے دو مراحل میں ہوگا، پہلے مرحلے میں رودکوہیوں سے متعلق سروے کیا جائے گا اور دوسرے مرحلے میں پنجاب کے دیگر اضلاع میں دریاؤں سے متعلق سروے ہو گا۔
ڈیرہ غازیخان ڈویژن میں سروے کو دو ماہ کے اندر مکمل کرنے کا ٹاسک دیاگیاہے۔ انہوں نے بتایاکہ پی ڈی ایم اے اور اربن یونٹ ملکر سروے کریں گے،تربیت یافتہ شمار کنندگان گھر گھر جا کر سروے کریں گے، سروے کے لیے سیٹلائٹ اور جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی۔
انہوں نے کہاکہ سروے رپورٹ کی روشنی میں مستقبل کے دوران رود کوہیوں، دریاؤں میں طغیانی کے پیش نظر نشیبی علاقوں میں بہتر منصوبہ بندی،ریسکیو آپریشن کیا جاسکے گا مجوزہ ریلیف کیمپس، نقصانات کے ازالہ اور دیگر ریلیف سرگرمیوں میں مدد ملے گی. سروے کی مدد سے ولنریبل آبادی جیسے بچے، بوڑھے، معذور اور دیگر افراد بارے معلومات حاصل ہونگی۔صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ سروے ٹیموں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں۔
دیہی لیول پر امام مسجد، لمبردار، اور دیگر افراد کے رابطہ نمبر اور درست معلومات حاصل ہونگی،ملکیت کی انفارمیشن جو کہ پیلرا کے ساتھ منسلک ہے، روزانہ کی بنیاد پر اپ ڈیٹ ہو گی، تمام ڈیٹا اے آئی بیسڈ ارلی وارننگ سسٹم کو مزید بہتر اور جامع بنانے میں مدد دے گا،سروے سے حاصل ہونے والا ڈیٹا ریلیف کیمپس قائم کرنے، آبادیوں کے انخلاء کی منصوبہ بندی اور دیگر ریلیف کی سرگرمیوں میں مدد دے گا،آفات کے دوران نقصانات کا تعین کرنے اور معاونت فراہم کرنے میں ڈیٹا اہم کردار ادا کرے گا۔
ایویڈنس بیسڈ زوننگ کے عمل سے سیلابی علاقوں میں تجاوزات اور آبادیوں کے بڑھاؤ کو روکا جا سکتا ہے،سروے کی مدد سے حفاظتی بند کی تعمیر و مضبوطی بارے بروقت فیصلے ہونگے،دریائی کٹاؤ کے عمل کا تعین کرنے اور اسے روکنے کے لیے پیشگی انتظامات کرنے میں مدد ملے گی.صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے شمار کنندگان میں کنٹریکٹ اسناد بھی تقسیم کیں. کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے کہا کہ رود کوہیوں اور دریاؤں کے سیلاب کے حوالے سے ڈیرہ غازی خان انتہائی حساس ڈویژن ہے۔
ڈیرہ غازی خان اور راجنپور اضلاع میں رود کوہیوں کے ساتھ دریائے سندھ کے سیلاب کا بھی خدشہ رہتا ہے، وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے فلڈ رسک مینجمنٹ سروے کا آغاز ڈیرہ غازی خان ڈویژن سے کر دیا ہے، سروے کی تکمیل سے مربوط حکمت عملی بنانے میں مدد ملے گی، ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ پی ڈی ایم اے پنجاب اور اربن یونٹ کے تعاون سے سروے کیا جا رہا ہے،19 انتہائی اہم مقامات اور 13 رودکوہیوں سمیت تمام بڑے نالوں کی میپنگ کی جائے گی۔
موبائل ایپ کے ذریعے رئیل ٹائم ڈیٹا اور سیٹلائیٹ کے ذریعے پچھلے 20 سالوں کے سیلابی رجحانات کی معلومات اکٹھی کی جائیں گی،سیلابی علاقوں کی میپنگ کا پراجیکٹ دو مراحل میں مکمل کیا جائے گا، ابتدائی طور پر ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کی 13 رود کوہیاں شامل ہیں اور 180 نمائندے سروے میں حصہ لیں گے جو کہ جون کے وسط تک دونوں اضلاع کا سروے مکمل کریں گے.تقریب میں اربن یونٹ کی ڈاکٹر عروج سعید نے فلڈ رسک مینجمنٹ سروے کے طریقہ کار سے متعلق آگاہی دی۔

یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں