ایکسین شاہد ریاض کی غیر حاضری پر عامر طلال گوپانگ برہم
ملتان (بیٹھک انوسٹیگیشن سیل) کمشنر آفس ڈیرہ غازی خان کے چہیتے ایکسین ہائی ویز مظفرگڑھ شاہد ریاض کی جانب سے ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی کے اجلاسوں میں شرکت نہ کرنے کا انکشاف، مسلسل چند سالوں سے مظفرگڑھ میں تعینات شاہد ریاض کو جس محکمے میں زیادہ فنڈز آتے دکھائی دیتے ہیں کمشنر آفس میں کئی سالوں سے تعینات ایک افسر کی سہولت کاری کے نتیجے میں اس محکمے میں اپنا تبادلہ کرا لیتا ہے۔
ذرائع کے مطابق کمشنر آفس کی سرپرستی کے نتیجے میں ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ کو بھی خاطر میں نہیں لاتاانہوں نے بتایا کہ شاہد رہاض کی جانب سے بطور ایکسین بلڈنگ مظفرگاڑھ ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں شریک نہ ہونے پر اجلاس کی صدارت کرنے والے مسلم لیگ ن کے ممبر نیشنل اسمبلی عامر طلال گوپانگ نے شدید ناراضگی کا اظہار کیا تھا انہوں نے بتایا کہ 27 جنوری کو ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا ۔
جس میں ضلع بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینا تھا اور تمام متعلقہ محکموں کے افسران اپنے اپنے محکموں کی نمائندگی کرتے ہوئے موجود تھے مگر شاہد ریاض نے کمشنر آفس میں اپنے خوشگوار معاملات کے پیش نظر میٹنگ میں شریک ہونا مناسب ہی نہ سمجھا اور اپنی جگہ سپرنٹنڈنٹ ڈویژنل آفیسر بلڈنگ کو میٹنگ اٹینڈ کرنے بھیج دیا۔انہوں نے بتایا کہ اجلاس کے دوران جب بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کی سکیمز کا جائزہ لینے کا موقع آیا تو معلوم ہوا کہ ایکسین شاہد ریاض نے میٹنگ میں شریک ہونے کی سرے سے زحمت ہی گوارا نہیں کی ہے جس پر ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ قراۃ العین میمن نے تو کمشنر آفس کی ممکنہ ناراضگی کے پیش نظر خاموشی اختیار کر لی ۔
لیکن اجلاس کی صدارت کرنے والے مسلم لیگی ایم این اے عامر طلال گوپانگ نے شاہد ریاض کی عدم موجودگی پر شدید ناراضگی اور غصے کا اظہار کیا۔انہوں نے بتایا کہ جب چیئرمین ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی نے شاہد ریاض کی عدم موجودگی کے بارے پوچھا تو انہیں بتایا گیا کہ وہ شہر سے باہر ہے جس پر چیئرمین نے پوچھا کیا اس نے باقاعدہ چھٹی کی درخواست دی ہے تو انہیں بتایا گیا کہ ڈپٹی کمشنر آفس کو ایسی کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی۔
جس پر عامر طلال گوپانگ نے پھر پوچھا کہ کیا ایکسین شاہد ریاض نے ڈپٹی کمشنر آفس کو سٹیشن چھوڑنے کے حوالے سے سٹیشن لیو بھیجی تھی جس پر اجلاس کو مطلع کیا گیا کہ ڈپٹی کمشنر آفس کو ایسی کوئی درخواست بھی موصول نہ ہوئی ہےانہوں نے بتایا کہ عامر گوپانگ طلال نے ایکسین شاہد ریاض کے رویے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایکیسن بلڈنگ اپنی مرضی کا اس حد تک مالک ہے کہ اس نے اس قدر اہم اجلاس میں شریک ہونے کو درخورد اعتنا ہی نہ سمجھا ۔
یہاں تک کہ اس نے ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کو چھٹی کی درخواست دینے اور سٹیشن چھوڑنے کے بارے مطلع کرنا بھی گوارا نہ کیا۔ ذرائع کے مطابق ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ قراۃ العین میمن خاموش بیٹھی رہیں اور کچھ نہ کہا۔انہوں نے بتایا کہ مظفرگڑھ کے ڈپٹی کمشنرز کو کمشنر آفس ڈیرہ غازیخان سے شاہد ریاض سے تعاون کرنے کی سفارشیں مسلسل موصول ہوتی رہتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ جب شاہد ریاض کو کمشنر آفس میں کئی سالوں سے تعینات ایک افسر جو کہ شاہد ریاض کا سرپرست خاص ہے اور جس نے پورے ڈویژن میں اپنی مرضی کے افسران تعینات کروا رکھے ہیں کے ذریعے معلوم ہوا کہ پنجاب حکومت ہائی ویز ڈیپارٹمنٹ کو زیادہ سے زیادہ فنڈز دینے جا رہی ہے۔
جبکہ بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کے فنڈز شدید کمی واقع ہونے جا رہی ہے اس لئے اسے خود کو ایکسین بلٖڈنگ تعینات کروا لینا چاہیے انہوں نے بتایا کہ کمشنر آفس میں کئی سالوں سے تعینات اس افسر نے شاہد ریاض کو کمشنر کے ذریعے ہائی وے ڈیپارٹمنٹ میں تعینات کروانے کی آفر کی انہوں نے بتایا کہ شاہد ریاض کا ایک دیرینہ محسن اور کاریگر استاد ہمایوں مسرور جس کی عثمان بزدار کے بطور وزیراعلی دور میں شاہد ریاض کے ساتھ مل کر اور الگ سے کرپشن کے قصوں کی داستانیں محکمانہ انکوائریوں اور اینٹی کرپشن ایسٹبلشمنٹ کی فائلوں میں دفن کر دی گئی ہیں۔
بطور ڈائریکٹر کیمونیکیشن اینڈ ورکس لاہور میں تعینات ہے اور وہ ہیڈ آفس میں شاہد ریاض کے لئے راہ ہموار کرتا ہے انہوں نے بتایا کہ کمشنر آفس میں کئی سالوں سے تعینات شاہد ریاض کا سرپرست افسر عثمان بزدار دور میں خوب مال کماتا اور افسروں کو خوش رکھتا رہا اور آج یہ حالت ہے کہ وہ کمشنر کے نام پر تمام ترقیاتی منصوبوں سے متعلقہ حکام سے نہ صرف بھاری رقوم اینٹھتا ہے بلکہ کمشنرز سے سفارش کروا کر ڈویژن بھر میں اپنی مرضی کے افسران تعینات کرواتا ہے۔
جن میں سے شاہد ریاض بھی ایک ہے اور کمشنر آفس کے پسندیدہ ایکسینز کے آگے ڈپٹی کمشنرز بھی بے بسی کی تصویر بنے بیٹھے ہوتے ہیں اور کبھی کبھار عامر طلال گوپانگ جیسا کوئی عوامی نمائندہ جواب طلبی کر لیتا ہے۔ اس سلسلے میں روزنامہ بیٹھک نے جب ایکسین شاہد ریاض کا موقف جاننے کے لئے رابطہ کیا تو وہ رابطے میں نہ آ سکے۔
یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں