ڈاکٹرز پر تشدد اور برطرفی کے خلاف پیپلزپارٹی کی مکمل حمایت
ملتان ( خصوصی رپورٹر) پاکستان پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے صدر و سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود، سینئر نائب صدر جنوبی پنجاب خواجہ رضوان عالم، چیف کوآرڈینیٹر جنوبی پنجاب عبدالقادر شاھین نے پنجاب بھر میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن اور ہیلتھ ملازمین کی طرف سے نجکاری اور جبری بر طرفی کے خلاف کی جانے والی ہڑتال پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے مشترکہ میڈیا بیان میں کہا نجکاری کے خلاف آئینی و پر امن آواز بلند کرنے والے ڈاکٹرز اور ہیلتھ ملازمین پر پنجاب پولیس کا تشدد، ایف آئی آر کا اندراج، ٹریننگ کی منسوخی اور ملازمت سے برطرفی ظلم کی بد ترین مثال ہے۔
ان حکومتی اقدامات سے نہ صرف انسانی حقوق بلکہ آئینی آزادی اظہار رائے کی بھی سنگین خلاف ورزی ہو رہی ہے ایسے حکومتی اوچھے ہتکنڈون کے خلاف پوری پیپلزپارٹی ینگ ڈاکٹرز اور ہیلتھ ملازمین کے ساتھ کھڑی ہے ۔
کیونکہ پنجاب حکومت کی غیر ذمہ دارانہ اور نا انصافی پر مبنی اقدامات سے ملک بھر کے ڈاکٹرز میں تشویش کا سبب بن چکا ہے اس لئے پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کی مکمل تنظیم ، عہدیدران و کارکنان پنجاب حکومت سے یہ بھرپور مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر ڈاکٹرز اور دیگر ہیلتھ ملازمین کے ساتھ مذاکرات کرے اور ان کے جائز تحفظات سنے اور احتجاج میں شامل تمام ملازمین کو نوکریوں سے برطرف کئے جانے کے فیصلے کو فوری طور پر واپس لیکر ان کو بحال کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ظلم کی انتہا ہے کہ پنجاب حکومت ڈاکٹرز پر دہشت گردی کے مقدمات قائم کر کے اپنی انا کی تسکین کیلئے معاشرے کے پڑھے لکھے طبقہ کو انتقامی کاروائیوں کا نشانہ بنا رہی ہے یہ کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا کیونکہ احتجاج اور اختلاف رائے ہر شہری کا جمہوری حق ہے اور کسی شہری کو اس بنیاد پر انتقامی کاروائی کا نشانہ بنانا ظلم و بربریت کی گھٹیا مثال ہے۔
یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں