“وہاڑی روڈ کی تعمیراتی پیش رفت کی رفتار تیز، کمشنر ملتان کی ہدایات”
ملتان( خصوصی رپورٹر )کمشنر ملتان عامر کریم خاں کی زیر صدارت وہاڑی روڈ کی تعمیراتی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ کمشنر عامر کریم خاں نے تینوں اضلاع میں زیرتعمیر روڈ سائٹس کے حوالے سے بریفنگ لی اور منصوبے کی جلد از جلد تکمیل اور معیار پر زور دیا۔
کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ وہاڑی روڈ کا یہ منصوبہ ملتان، خانیوال اور وہاڑی کے اضلاع سے جڑا ہوا ہے جس میں 19.20 کلومیٹر ملتان، 6 کلومیٹر خانیوال اور 49.60 کلومیٹر وہاڑی کے حصے شامل ہیں۔ 13 ارب روپے کی لاگت سے ایڈیشنل کیرج وے کی تعمیر کی سکیم ایکنک سے منظور ہو چکی ہے۔جس کا کام ٹینڈر کا عمل مکمل کرتے ہی شروع کردیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا کر کے ڈویژن کے عوام کو بہتر سفری سہولت دینے کی بنیاد رکھ دی ہے۔
منصوبے پر بیک وقت تینوں اضلاع میں کام شروع کر دیا گیا ہے، جبکہ 30 جون تک ملتان ضلع میں زیر تعمیر ساڑھے پانچ کلومیٹر، خانیوال میں زیر تعمیر اڑھائی کلومیٹر اور وہاڑی میں زیر تعمیر 12 کلومیٹر سڑک مکمل طور پر کارپٹ کر لی جائے گی ۔منصوبے میں آبادی والے علاقوں میں نکاسی آب کا خاص نظام بنایا جائے گا ۔
تاکہ سڑک پر پانی کھڑا نہ ہو اور سڑک محفوظ رہے۔ کھمبے حفاظتی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے “رائٹ آف وے” کے ساتھ لگائے جائیں گے۔حکومت پنجاب کی جانب سے فنڈز کی فراہمی جاری ہے اور ٹینڈرنگ کا عمل مکمل ہوتے ہی دیگر حصوں پر کام کا آغاز بھی کر دیا جائے گا۔
کمشنر نے ہدایت دی کہ سڑک کی تعمیر میں کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور منصوبہ ایک سال میں مکمل کر کے فنکشنل کیا جائے۔اجلاس میں ایس ای ہائی ویز غلام نبی، ایکسئین حیدر علی، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد ارفع اور دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔
یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں