ایمپلائز ایسویسی ایشن کا احتجاج رنگ لایا، پروموشن کیلئے ٹائپنگ ٹیسٹ منسوخ
ملتان ( خصوصی رپورٹر) ایمپلائز ایسویسی ایشن کا احتجاج کارگر ثابت ،جامعہ زکریا کی انتظامیہ نے گھٹنے ٹیک دیئے ، سینئر کلرکو ں کی پروموشن کیلئے تحریری و ٹائپنگ ٹیسٹ منسوخ کردیا گیا انتظامیہ نےیونین عہدیداروں کے ساتھ ہونےوالے مذاکرات کے بعد باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ۔
تفصیل کے مطابق جامعہ زکریا میں انتظامیہ کی جانب سے 20 سے زائدسینئر کلرکوں کی پروموشن کیلئے تحریری اور ٹائپنگ ٹیسٹ کی شرائط لاگو کئے جانے کیخلاف ایمپلائز ایسویسی ایشن اور اپوزیشن جماعتوں نے احتجاج کی کال دی تھی جس پر گزشتہ روز جامعہ زکریا کے کرش ہال میں ایمپلائز ایسویسی ایشن کے صدر غلام حر غوری ،جنرل سیکرٹری ندیم بوسن کی قیادت میں احتجاجی دھرنادیا گیا ۔
جس میں دیگر عہدیدار خرم عظیم ، شکیل سیال ،طلعت سہو سمیت بڑی تعداد میں ملازمین نے شرکت کی ۔
احتجاجی دھرنے میں متحدہ اپوزیشن کے صدر ملک صفدر ،ریا ض شاہد موتھا ودیگر عہدیداران بھی شریک ہوئے ،ملازمین کے احتجاجی دھرنے کے باعث جامعہ کے دفتری امور ٹھپ ہوکر رہ گئے جس پر انتظامیہ کی جانب سے آر ۔او ڈاکٹر مقرب اکبر کو مذاکرات کیلئے بھیجا گیا ۔
جنھیں ایمپلائز ایسویسی ایشن نے اپنے مطالبات سے آگاہ کیا بعدازاں وائس چانسلر اور رجسٹرار کی جانب سے ایمپلائز ایسویسی ایشن سے مذاکرات ہوئے جس میں وائس چانسلر نے ایمپلائز ایسویسی ایشن کے جائز مطالبات کو منظور کرتے ہوئے ٹائپنگ ٹیسٹ کو منسوخ کردیا ہے ،۔
جس کا رجسٹرار آفس سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیاگیا ۔مطالبات منظور ہونے پر ایسویسی ایشن کی جانب سے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے ۔
یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں