اوچشریف:ڈاکخانہ عملے کے نامناسب رویہ کیخلاف شہری پھٹ پڑے

اوچ شریف ڈاکخانے کی بدانتظامی پر عوام سراپا احتجاج

اوچ شریف (سید خواجہ سہیل عباس) اوچ شریف انجمن تاجران کے صدر عمر خورشید سہمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اوچ شریف کے مرکزی ڈاکخانے میں جاری بدسلوکی، بدانتظامی اور سرکاری بے حسی نے عوام کو شدید اضطراب میں مبتلا کر دیا ہے۔
جہاں ایک عام شہری امید لے کر جاتا ہے کہ ریاست اسے ریلیف دے گی، وہیں اوچ شریف ڈاکخانے کا عملہ عوام کے لیے ذلت، تضحیک اور ناروا سلوک کا دوسرا نام بن چکا ہے۔عینی شاہدین کے مطابق، ڈاکخانے کے افسران اور عملہ سرکاری فرائض سے غافل، اختیارات کے نشے میں چور اور عوامی خدمت کے جذبے سے یکسر محروم ہیں۔ بل جمع کرانے کے لیے آنے والے بزرگ شہریوں، خواتین اور نوجوانوں کے ساتھ عملے کا رویہ انتہائی تحقیر آمیز ہوتا ہے۔
صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک جاری رہنے والا سرکاری وقت صرف کاغذوں میں موجود ہے، کیونکہ ڈاکخانہ دن 12 بجے ہی دروازے بند کر دیتا ہے۔مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ انہیں نہ صرف دھکے دیے جاتے ہیں بلکہ کبھی کبھار گالم گلوچ کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔
ایک بزرگ شہری نے آنسو بھری آنکھوں سے بتایا: “ہم سرکاری ادارے کو اپنا سہارا سمجھتے ہیں، لیکن یہاں ہمیں عزت سے بات کرنا بھی نصیب نہیں۔”صورتحال اس قدر سنگین ہو چکی ہے کہ انجمن تاجران کے صدر عمر خورشید سہمن نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
صدر انجمن تاجران کے مطابق اگر معاملہ حل نہ ہوا تو احتجاجی دھرنا، ریلیاں اور پریس کانفرنسز کے ذریعے آواز بلند کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اوچ شریف ڈاکخانے کی موجودہ صورتحال صرف ایک ادارے کا مسئلہ نہیں بلکہ عوامی اعتماد کو مجروح کرنے والا سنگین بحران ہے۔
ضلعی انتظامیہ کی خاموشی، محکمہ ڈاک کی بے حسی اور عملے کی ہٹ دھرمی نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ عام شہری کے مسائل سننے والا کوئی نہیں۔انہوں نے کہا کہ کیا سرکاری ادارے عوام کی خدمت کے لیے ہیں یا شہریوں کی تذلیل کے مراکز بن چکے ہیں؟
انجمن تاجران سمیت عوامی حلقے، سول سوسائٹی اور مقامی شہریوں کا مطالبہ ہے کہ غفلت، بدتمیزی اور اختیارات کے غلط استعمال کے مرتکب افراد کے خلاف فوری اور عملی کارروائی کی جائے، بصورتِ دیگر یہ معاملہ اوچ شریف میں ایک بڑے عوامی احتجاج کا سبب بن سکتا ہے۔

یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں