جمن شاہ :عباسیہ لنک کینال کا بندٹوٹنے سے پانی قریبی بستیوں میں داخل، فصلیں تباہ

عباسیہ لنک کینال بند ٹوٹنے سے تباہی: گھروں میں پانی، فصلیں برباد

رحیم یار خان (بیورورپورٹ) نواحی قصبہ واہی جمن شاہ میں عباسیہ لنک کینال کا بندٹوٹنے سے پانی قریبی بستیوں کے گھروں میں داخل، فصلیں تباہ کروڑوں روپے کا نقصان پانچ دن گزرنے کے باوجود پانی ابھی گھروں میں موجود ہے کچے مکان زمین بوس جبکہ پکے مکانوں کی دیواروں،فرش اورچھتوں پردرڑایں پڑنے سے مکانوں کے گرنے کے خطرات لاحق،محکمہ انہار کی غفلت اورلاپرواہی کے خلاف متاثرین علاقہ پھٹ پڑے وزیراعظم میاں محمدشہباز شریف اوروزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے فوری نوٹس لینے اورمحکمہ کے ذمہ داران افسران کے خلاف سخت ایکشن لینے اوراعلیٰ سطح کی انکوائری کا مطالبہ۔
تفصیل کے مطابق نواحی قصبہ واہی جمن شاہ میں گذشتہ پانچ روز پہلے عباسیہ لنک کینال کا بند ٹوٹنے سے بہت بڑا شگاف پڑگیا پانی نے قریبی بستیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا کچے مکان زمین بوس ہوگئے جبکہ پکے مکان ابھی تک پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے مکانوں کی دیواریں زمین بوس ہورہی ہیں،گذشتہ روز سابق چیئرمین میونسپل کمیٹی وچیئرمین آل پاکستان کسان فاؤنڈیشن سید محمودالحق بخاری جو گذشتہ پانچ روز سے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی سرگرمیوں میں لگے ہوئے ہیں۔
،انہوں نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ عباسیہ لنک کینال کا بندٹوٹنے سے قریبی بستیوں میں پانی گھروں میں داخل ہونے کی وجہ سے غریب لوگوں کے مکان گرگئے ہیں گھروں میں رکھی ہوئی کھانے کے لیے گندم پانی کی نذر ہوگئی ہے اس کے علاوہ کھڑی فصلوں میں گذشتہ پانچ روز سے پانی کھڑاہونے کی وجہ سے فصلیں تباہ ہوگئی ہیں اورکروڑوں روپے کا نقصان ہوچکاہے جبکہ پانی کی نکاسی نہ ہونے کی و جہ سے جو مکانات پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں انکے گرنے کے شدید خطرات لاحق ہیں۔
،کھڑے پانی کی وجہ سے یہاں وبائی امراض ہیضہ، ملیریا اوردیگر پیٹ کی بیماریوں کا شدید خطرہ پیداہوچکاہے،متاثرین علاقہ نے شدید احتجاج کرتے ہوئے بتایا کہ ابھی تک محکمہ انہار اورپنجاب حکومت کی طرف سے کسی نے ہمارے ساتھ رابطہ نہیں کیا ہمارے گھر تباہ ہوگئے ہماری فصلیں تباہ ہوگئی ہیں،حکومت کا جو بھی افسر آتا ہے وہ صرف ٹوٹے ہوئے بند پرآکر فرضی کاروائی فوٹو سیشن کروا کر سب اچھا کی رپورٹ اوپر بھیج دیتا ہے، گذشتہ دوروز قبل صوبائی وزیرکاظم پیرزادہ آئے۔
انہوں نے بھی ہمارے ساتھ کوئی رابطہ نہیں کیا اپنی فرضی کاروائی ڈال کر روانہ ہوگئے اس کے علاوہ جتنے بھی اعلیٰ سطح کے سرکاری افسران ہیں انہوں نے بھی ہماری اشک سوئی نہیں کی ہم بے یارومدد گارپڑے ہیں محکمہ انہار کے افسران اورجتنا عملہ ہے ساراکرپٹ ہے پی ڈی ایم اے کے پاس جو فنڈز ہیں وہ کہا ں جاتے ہیں نہر کے پشتے کمزور ہیں کئی دفعہ نشاندہی کی گئی مگر کسی کے کانوں میں جوں تک نہیں رینگی۔
انہوں نے کہاکہ ہماری وزیراعظم پاکستان محمدشہبازشریف، وزیراعلیٰ پنجا ب مریم نوازشریف سے دردمندانہ اپیل ہے کہ خدارا اس مشکل گھڑی میں ہماری مدد کی جائے ہمارا جونقصان ہوچکاہے وہ پورا کیاجائے غریبوں کے گھر زمین بوس ہوگئے ہیں وہ بنائے جائیں نقصان کا تخمینہ لگا کر ہماری مالی امداد کی جائے۔
انہوں نے کہاکہ محکمہ انہار کے افسران اورجو اس کے ذمہ داران ہیں انکے خلاف سخت ایکشن لیاجائے اورایک اعلیٰ سطح کی انکوائری کمیٹی بنائی جائے جو اس کی انکوائری کرے اورغفلت اورلاپرواہی کے مرتکب افسران کو قرار اواقعی سزا دی جائے تاکہ ا ٓئند ہ کوئی واقعہ پیش نہ آئے۔
سید محمود الحق بخاری چیئرمین آل پاکستان کسان فاؤنڈیشن نے ڈی جی پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی عرفان کاٹھیا سے اپیل کی ہے کہ وہ پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے فنڈز سے ان متاثرین کی مدد کریں فوری اعلان کیا جائے۔

یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں