ریلوے کالونی میں ٹیلی کام ٹاور گرنے کا واقعہ: 36 گھنٹے بعد بھی بجلی بحال نہ ہوسکی

ٹیلی کام ٹاور گرنے سے ریلوے کالونی تاریکی میں، میپکو صارفین پریشان

ملتان ( خصوصی رپورٹر ) ملتان کے علاقے ریلوے کالونی میں طوفانی آندھی کے باعث ٹیلی کام ٹاور گرنے 36 گھنٹے گزرنے کے بعد بھی متاثرہ علاقوں میں بجلی بحال نہ ہوسکی ۔اس ضمن میں گزشتہ سے پیوستہ شام ملتان اور مضافاتی علاقوں میں طوفانی آندھی کے باعث سدوحسام کے قرب ریلوےکالونی میں ٹیلی کام ٹاور گر کر زمین بوس ہوگیا تھا جس سے بیشتر گھروں اور ریلوے کوآرٹروں کو نقصان پہنچا۔
تاہم خوش قسمتی سے بجلی بند ہونے کے باعث رہائشی گھر سے باہر صحن میں ہونے کے باعث جانی نقصان سے بچ گئے مذکورہ ٹاور نے بجلی کی مین لائن کو بری طرح متاثر کیا جس کے باعث 11 کے وی اے کے تار ٹوٹنے سے ملتان کے متعدد علاقوں میں رات بھر بجلی بند رہی اور گزشتہ روز تک بیشتر علاقوں میں بجلی بحال کردی گئی ہے ۔
لیکن تاحال سدوحسام ریلوے کالونی اور ریلوے روڈ سمیت ملحقہ علاقوں میں بجلی بحال نہیں ہوسکی جس کے باعث میپکو صارفین شدید اذیت کا شکار ہیں دوسری جانب میپکو ذرائع کا کہنا ہے کہ 11 کے وی کے دوپول گرگئے ہیں۔
جنھیں دوبارہ نصب کرنے میں وقت لگے گا دوسری جانب اہلیان علاقہ نے احتجاج کرتے ہوئے اعلی حکام سے نوٹس لینے اور بجلی بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔

یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں