جامعہ زکریا ، سرائیکی ایر یا سٹڈی سنٹر ڈیٹ شیٹ نظرانداز،چہیتے طلباء سے خصوصی پروٹوکول کیساتھ امتحانی پرچے لیے جانے لگے

ایچ ای سی قواعد کی خلاف ورزی: جامعہ زکریا میں امتحانی بے ضابطگیوں کا انکشاف

ملتان (خصوصی رپورٹر ) جامعہ زکریا کے سرائیکی ایریا سٹڈی سینٹر میں تعینات ہونے والی ڈائریکٹر رحمہ حفیظ کی سرپرستی میں ایچ ای سی کے قواعد نظرانداز ،سرائیکی ایریا سٹڈی سنٹر میں فائنل ٹرم کی ڈیٹ شیٹ کو نظرانداز کرنے والے غیر حاضر چہیتے سکالرز سے خصوصی پروٹوکول کے ساتھ امتحانی پرچے لئے جانے کا انکشاف،جامعہ زکریا میں میرٹ اور ڈگریاں بانٹے جانے بارے سوالات اٹھنے لگے ،قوائد پورے کرنے والے جامعہ اور سینٹر کے طلبا ء میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ۔
،چانسلر اور وائس چانسلر سے مذکورہ صورتحال پر سخت نوٹس لینےکا مطالبہ کردیا ۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ جامعہ زکریا ملتان کے سرائیکی ایر یا سڈی سینٹر میں ایچ ای سی کے قوانین کو نظرانداز کرتے ہوئے چہتے طلباء سے ڈیٹ شیٹ سے ہٹ کر مڈ ٹرم اور فائنل ٹرم کے امتحانات خصوصی پروٹوکول میں لینے کا انکشاف ہوا ہے ۔ذرائع کے مطابق سرائیکی ایر سڈی سینٹر میں حال ہی میں بطور ڈائریکٹر تعینات ہونے والی شعبہ عربی کی پروفیسر رحمہ حفیظ کی سربراہی میں ایم فل کے تین سکالرز کاظم گجانی ،نذر محمد ( سیکورٹی گارڈ)اور محمد شاہد کو نوازنے کیلئے اسسٹنٹ پروفیسر حافظ فیاض ،لیکچرر عارف رجوانہ ،اور لیکچرر ملک عمار یاسر کھاکھی پر مشتمل کمیٹی کے اجلاس میں جوکہ 30 اپریل کو منعقد کیا گیا۔
میں ایچ ای سی قوائد کے برعکس مذکورہ سکالر ز جن کی حاضریاں نہ ہونے کے برابر تھیں سے پہلے مڈٹرم اور بعدازاں فائنل ٹرم کے امتحانات لینے کا فیصلہ کیا گیا حالانکہ اس حوالے سے ایچ ای سی او اور یونیورسٹی کے شعبہ امتحانات کے قوانین میں واضع ہدایت کی گئی ہے کہ اگر کوئی طالب علم حج/طبی فضیلت/والدین، شریک حیات، بچوں اور ساس اور سسر اور حقیقی چچا کی موت کی وجہ سے سمسٹر کے مڈ اور فائنل ٹرم امتحان میں ایک یا زیادہ کورسز میں شرکت کرنے سے قاصر ہے، تو اسے خصوصی امتحان میں شرکت کرنے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔
اور وہ آخری امتحان کے دس دن کے اندر اندر خصوصی امتحان میں شرکت کرنے کی اجازت دی جاسکتی ہے۔بصورت دیگر وہ مقررہ تعداد میں لیکچرز میں شرکت کی شرائط کو پورا کرتا ہو ،اسے کسی تسلیم شدہ ہسپتال کے اندرونی مریض کے طور پر رکھا گیا ہے، یا اگر وہ اوپر بیان کیے گئے ہسپتال میں داخل نہیں ہے، تو امیدوار کا معائنہ سول ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سے کیا جائے گا جو طالب علم کے امتحان میں شامل ہونے یا دوسری صورت میں اس کی نااہلی کی تصدیق کر سکتا ہے۔
طالب علم کی درخواست امتحان کے دن یا اس سے پہلے ڈیپارٹمنٹ میں پہنچنی ہونی چاہیے۔ایسے طالب علم کو نامکمل گریڈ (I’ گریڈ) دیا جائے گا۔ اسے اگلے سمسٹر کے آغاز سے چار ہفتوں کے اندر منعقد ہونے والے سمسٹر کے خصوصی فائنل امتحان میں شرکت کرنے کی ضرورت ہوگی جبکہ اسے اگلے سمسٹر کے شیڈول پر بھی عمل کرنا ہوگا۔اور فی کورس اضافی فیس بھی ادا کرنا ہوگی ۔لیکن مذکورہ چہتے طلباء کیلئے مذکورہ قوانین کو نظرانداز کیا گیا ،سرائیکی ایر سڈی سنٹر میں مڈ ٹرم کے امتحانات جن کی ڈیٹ شیٹ جو 17 مارچ 2025 سے 24 مارچ 2025 تھی۔
لیکن مذکورہ طلباء کو نوازنے کیلئے ان کیلئے مئی کے مہینے میں قواعد کے برعکس نئی ڈیٹ شیٹ جاری کی گئی جس کے مطابق امتحانات کا آغاز 6 مئی2025کو ہوا جبکہ اختتام 9 مئی 2025 تھا جس میں مذکورہ سکالرز نے اپنے پیپر اسسٹنٹ پروفیسر حافظ فیاض اور لیکچرار عارف رجوانہ کی نگرانی میں خصوصی پروٹوکول میں دیئے اسی طرح فائنل ٹرم کی ڈیٹ شیٹ کے مطابق امتحانات کا آغاز 22مئی کو ہوا اور اختتام 27 مئی کو ہوا لیکن مذکورہ چہتے سکالر پیپر دینے کی کمیٹی کے فیصلے کے برعکس غیر حاضر رہے۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ ایم فل سیشن 24-26 میں مجموعی طور پر 11 سکالرز کا ایڈمشن تھا جن میں سے 8 نے تمام قوائد کو پورا کیا لیکن مذکورہ 3 سکالر ز نے جیسے ہی ڈیٹ شیٹ کے مطابق 27 مئی 2025 کو امتحانات کا اختتام ہوا گزشتہ روز 29 مئی کو پیپر دینے پہنچ گئے ۔ یہاں یہ امرقابل ذکر ہے کہ یونیورسٹی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ مڈ اور فائنل ٹرم کے امتحانات مئی کے مہینے میں منعقد کرائے گئے ۔ جس نے تدریسی حلقوں کو پریشان کرکے رکھ دیا ہے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کاظم گجانی نے اسسٹنٹ پروفیسر حافظ فیاض کے کمرے میں خصوصی پروٹوکول میں پرچہ حل کیا ،سرائیکی ایریا سڈی سینٹر میں نئی ڈائریکٹر کی تعیناتی کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال سےجامعہ اور شعبہ کے سنجیدہ تدریسی حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے جامعہ کے سکالرز او ر سنجیدہ تدریسی حلقوں نے گورنر و چانسلر سردار سلیم اور وائس چانسلر زبیر اقبال غوری سے مذکورہ صورتحا ل کا نوٹس لیتے ہوئے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔

یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں