جنوبی پنجاب کے عوام کی محبت اور قربانیاں پارٹی کا سرمایہ ہیں:صدر زرداری

پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کا تنظیمی ڈھانچہ مضبوط بنانے کا فیصلہ

ملتان (خصوصی رپورٹر)صدرِ مملکت اسلامی جمہوریہ پاکستان آصف علی زرداری سے گورنر ہاؤس لاہور میں جنوبی پنجاب کے صدر و سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود، مخدوم سید علی محمود اور چیف کوارڈینیٹر جنوبی پنجاب عبدالقادر شاہین نے تفصیلی ملاقات کی۔
اس موقع پر مخدوم سید احمد محمود نے صدرِ مملکت کو جنوبی پنجاب کے مختلف حلقوں میں عوامی مسائل، مقامی ترقیاتی ترجیحات اور تنظیمی ڈھانچے کو مؤثر بنانے سے متعلق مکمل بریفنگ دی۔ ملاقات میں پیپلز پارٹی کے عوام دوست ایجنڈے، انتخابی تیاریوں، کارکنان کے ساتھ زمینی روابط اور پارٹی کے نظریاتی بیانیے کو مزید مضبوط بنانے پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
صدر آصف علی زرداری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا بنیادی مقصد ملک کے محروم، محنت کش، اور نظر انداز شدہ طبقات کی آواز کو ایوانوں تک پہنچانا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ جنوبی پنجاب نہ صرف جمہوری حوالے سے اہم خطہ ہے بلکہ یہاں کے عوام کی محبت اور قربانیاں پارٹی کا سرمایہ ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ پیپلز پارٹی اس خطے کو اپنی سیاسی ترجیحات میں سرفہرست رکھتی ہے۔صدر آصف زرداری نے اعلان کیا کہ وہ بہت جلد جنوبی پنجاب کا تفصیلی دورہ کریں گے، ۔
جس میں وہ پارٹی عہدیداران، الائیڈ ونگز، خواتین و نوجوان رہنماؤں اور کارکنان سمیت پارٹی کے بنیادی سئینیر رہنماوں سے بالمشافہ ملاقاتیں کریں گے تاکہ تنظیم کو مزید فعال، مربوط اور زمینی سطح پر مؤثر بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی کو آج جس استقامت، نظریاتی وابستگی اور تنظیمی نظم کی ضرورت ہے، وہ اسی وقت ممکن ہے جب ہم ہر کارکن کو ساتھ لے کر چلیں، نوجوان قیادت کو سامنے لائیں اور حلقہ جاتی سطح پر متحرک سیاسی ڈھانچہ قائم کریں۔
پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے رہنماؤں نے قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ وہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صدر آصف علی زرداری کے وژن کو ہر سطح پر عام کریں گے اور پارٹی کو آئندہ انتخابات میں جنوبی پنجاب کی سب سے مؤثر اور مقبول جماعت بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔
رہنماؤں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ایک نظریاتی تحریک ہے، جس کی بنیاد قربانی، جدوجہد اور عوامی خدمت پر رکھی گئی ہے۔ ہم اسی میراث کے امین ہیں اور یہی راستہ ہماری سیاست کی پہچان ہے۔یہ ملاقات اس بات کا مظہر تھی کہ پارٹی قیادت اور کارکنان ایک پیج پر ہیں۔
، اور ایک متحد، پرعزم، اور عوام دوست قیادت کے زیرِ سایہ پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب میں ایک نئی سیاسی قوت کے طور پر ابھرنے کے لیے تیار ہے

یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں