بجٹ : محکمہ داخلہ پنجاب کے تحت ترقیاتی منصوبوں کیلئے اربوں مختص (ڈیرہ ،راجن پور میں بی ایم پی کے نئے تھانےتعمیرکیے جائینگے)

“پنجاب بجٹ محکمہ داخلہ منصوبے: 2025-26 میں 41 ارب کے ترقیاتی فنڈز”

ملتان ( خصوصی رپورٹر) مالی سال 2025/26 کے بجٹ میں حکومت پنجاب نے محکمہ داخلہ کے تحت ترقیاتی منصوبوں کیلئے اربوں روپے کے فنڈز مختص کیے ہیں۔ ڈی جی خان اور راجنپور میں بارڈر ملٹری پولیس کے 11 نئے تھانوںسمیت ایک پولیس لائن تعمیرکی جائے گی ۔
؎بجٹ میں امن و امان کے قیام اور تحفظ عامہ کو مدنظر رکھتے ہوئے محکمہ داخلہ اور اسکےزیر کنٹرول شعبوں کیلئے 41 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ تفصیل کے مطابق لاہور میں نئے پریزن کمپلیکس کی تعمیر کیلئے 6 ارب روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ لاہور پریزن کمپلیکس میں 10 ہزار قیدیوں کی گنجائش ہو گی۔
اسی طرح سیالکوٹ میں نئی ضلعی جیل کی تعمیر کیلئے 4.8 ارب روپے کا تخمینہ لگایا گیا جس میں 2 ہزار قیدیوں کی گنجائش ہو گی۔ پنجاب میں جیلوں کی اصلاح اور سہولیات کی فراہمی کیلئے 3.5 ارب کی لاگت سے منصوبے پر کام جاری ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق دہشت گردی اور جرائم کے خاتمے کیلئے بین الصوبائی جوائنٹ چیک پوسٹس کا قیام عمل میں لایا جا رہا یے۔ پنجاب میں 6.8 ارب روپے کی لاگت سے 11 جوائنٹ چیک پوسٹس تعمیر کی جا رہی ہیں۔ ڈی جی خان میں 4، رحیم یار خان اور اٹک میں 2، 2 جبکہ بکھر، کوٹ اددو اور راجن پور میں 1، 1 کثیر المقاصد جوائنٹ چیک پوسٹ زیر تعمیر ہے۔ آئندہ مالی سال کیلئے 5 اضلاع میں نئے چائلڈ پروٹیکشن یونٹس کے قیام کیلئے 80 کروڑ مختص کیے گئے ہیں۔
نئے چائیلڈ پروٹیکشن یونٹس شیخوپورہ، نارووال، لاہور، گوجرانولہ اور بہاولنگر میں تعمیر ہونگے۔ اسی طرح ڈی جی خان اور راجنپور میں بارڈر ملٹری پولیس کے 11 نئے تھانوں اور ایک پولیس لائن کی تعمیر کیلئے 25 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ پنجاب فرانزک سائنس اتھارٹی کے جدید آلات کی خریداری کیلئے 3.5 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ مالی سال میں پنجاب فرانزک سائنس اتھارٹی کیلئے 1 ارب روپے سے جدید آلات کی خریداری کی گئی۔
گجرات میں فرانزک سائنس اتھارٹی کے نئے کرائم سین یونٹ کی تعمیر کیلئے 210 ملین روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ 15.6 ارب روپے کی لاگت سے پنجاب ایگریکلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کو مکمل کیا جا چکا ہے جو رواں مالی سال مکمل آپریشنل ہوگی۔ اسی طرح 50 کروڑ روپے کی لاگت سے سول ڈیفنس کے جدید آلات کی خریداری کا عمل جاری ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق 13.8 کروڑ روپے کی لاگت سے انٹیگریشن آف کریمنل جسٹس سسٹم پر کام جاری ہے۔ وزیراعلی پنجاب کی خصوصی ہدایت پر پنجاب کے 10 ڈویڑنز میں سمارٹ سیف سٹی منصوبوں کی تعمیر کیلئے 5.8 ارب روپے جبکہ لاہور سیف سٹی پراجیکٹ کی اپ گریڈیشن کیلئے 1.2 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں تمام پراجیکٹس کو بروقت مکمل کیا جائے گا۔

یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں