ٹریفک حادثہ،ریٹائرڈپرنسپل سول لائنز کالج سید باقر شاہ کے 2بیٹے جاں بحق

محسن وال روڈ حادثہ: ریٹائرڈ پرنسپل کے دو جوان بیٹے جاں بحق

ملتان ( خصوصی رپورٹر ) محسن وال روڈ پر المناک حادثہ،گورئمنٹ سول لائنز کالج کے ریٹائرڈ پرنسپل سید باقر شاہ کے دو جواں سالہ بیٹے جاں بحق، بہن شدید زخمی ہوگئ ۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق رات گئے تلمبہ محسن وال روڈ پر تیز رفتار کار درخت سے ٹکرا گئی۔
حادثے کے نتیجے میں دو سگے بھائی، ڈاکٹر سید محمد اور سید جعفر علی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ ان کی بہن شدید زخمی ہوئی۔یہ تینوں بہن بھائی تلمبہ سے ملتان جا رہے تھے کہ راستے میں کار بے قابو ہو کر درخت سے جا ٹکرائی۔
ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں کیں،جاں بحق ہونے والے نوجوان گورئمنٹ سول لائنز کالج کے ریٹائرڈ پرنسپل سید باقر شاہ کے بیٹے تھے۔ سنیئر سیاستدان سابق سپیکر قومی اسمبلی سید فخر امام شاہ نے سابق پرنسپل گورنمنٹ کالج سول لائنز ملتان سید محمد باقر جعفری کے دو جوان سال بیٹوں ڈاکٹر سید محمد اور سید جعفر علی کی روڈ ایکسیڈینٹ میں شہادت پر گہرے رنج و الم کا اظہار کیا ہے اور مرحومین کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی ہے جبکہ ان کی بیٹی جو شدید زخمی ہے کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔
سید فخر امام شاہ نے کہا کہ جوان اولاد کی وفات کا غم بوڑھے والدین کی کمر توڑ دیتا ہے اور دو بیٹوں کی شہادت سید باقر جعفری کے لیے بہت بڑا صدمہ اور سانحہ ہے اللہ تعالیٰ انہیں یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق دے اور صبر جمیل عطائ فرمائے ہم دکھ کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ ہیں۔
دریں اثنا ممتاز ماہر تعلیم پروفیسر ڈاکٹر حمید رضا صدیقی اور سماجی رہنما و صدر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن نعیم اقبال نعیم نے بھی ماہر تعلیم پروفیسر سید محمد باقر جعفری کے دو بیٹوں ڈاکٹر سید محمد اور سید جعفر علی کی وفات پر ان سے اظہار تعزیت کیا اور مرحومین کی مغفرت کے لیے خصوصی دعا کی۔ مزید برآں جاں بحق ہونے والے دونوں نوجوان، سابق پرنسپل سول لائن کالج ملتان، باقر علی جعفری کے بیٹے تھے۔ ان کے یہی دو بیٹے تھے، جو ایک لمحے میں ان سے جدا ہو گئے۔
ڈاکٹر سید محمد نشتر ہسپتال میں ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کے عہدے پر فائز تھے اور اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ اعلیٰ اخلاق اور خدمتِ خلق کے جذبے کے لیے جانے جاتے تھے، جبکہ ان کے بھائی سید جعفر علی ایک ذہین انجینئر تھے، جن کا مستقبل روشن اور امکانات سے بھرپور تھا.

یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں