کمشنر عامر کریم کا پارکوں کا اچانک دورہ،شعبہ ہارٹیکلچر کی کارکردگی کا بھانڈا پھوٹ گیا

کمشنر عامر کریم خان پارکوں کا دورہ: پارک انچارج معطل، صفائی پر برہمی

ملتان (خصوصی رپورٹر) کمشنر عامر کریم خان کا پارکوں کا اچانک دورہ، ناقص انتظامات پر سخت برہمی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور پارک انچارج معطل ،ڈائریکٹر ہارٹیکلچر سعد قریشی ایک مرتبہ پھر بچ نکلے ،تفصیل کے مطابق کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے حسن پروانہ پارک اور مدنی پارک کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران پارکوں میں صفائی اور دیگر انتظامات کی ابتر صورتحال پر سخت برہمی کا اظہار کیا گیا۔مدنی پارک میں صفائی، واکنگ ٹریک، لان، اور خصوصی بچوں کے کارنر کی ناقص حالت پر کمشنر عامر کریم خاں نے عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے موقع پر ہی اسسٹنٹ ڈائریکٹر انچارج زون حامد ممتاز اور پارک انچارج افسر خلیل کو معطل کرنے کے احکامات جاری کیے۔
آؤٹ سورس جھولے اور کینٹین میں پرائس لسٹ آویزاں نہ ہونے پر انہیں فوری طور پر سربمہر کردیا گیا۔ لیکن مذکورہ صورتحال کے اصل ذمہ دار ڈائریکٹر ہارٹیکلچر سعد قریشی ایک مرتبہ ماتحت افسروں کی بلی چڑھا کر خود بچ نکلنے میں کامیاب ہوگئے ۔
اس موقع پر کمشنر عامر کریم خاں نے حسن پروانہ پارک کے بند فلٹریشن پلانٹ کو فوری طور پر فعال کرنے، باؤنڈری گرل اور پول لائٹس کی فعالی سمیت پارک کی مجموعی بہتری کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو دس دن کی ڈیڈ لائن جاری کی۔
انہوں نے واضح کیا کہ پارکوں میں صفائی اور شہری سہولیات کی فراہمی میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ دورے کے دوران شہریوں سے ملاقات بھی کی گئی، جنہوں نے پارک سے متعلق مختلف مسائل سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر ڈی جی پی ایچ اے کریم بخش بھی ان کے ہمراہ تھے، جنہوں نے تفصیلی بریفنگ دی۔

یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں