انسپکشن ٹیم کا چھاپہ،ملتان میں ستھراپنجاب پراجیکٹ ناکام بنانیکی سازش پکڑی گئی(ناقص کارکردگی پر نجی کمپنی سے جواب طلب)

ملتان میں ستھرا پنجاب پراجیکٹ کی ناکامی کی سازش پکڑی گئی: نجی فرم کو نوٹس

ملتان(وقائع نگار) روز نامہ بیٹھک ملتان کی جانب سے مسلسل نشاندہی کے بعد ستھرا پنجاب پراجیکٹ کے انچارج نے ملتان میں چھاپہ مار کر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ستھرا پنجاب پراجیکٹ کو ناکام بنانے کی سازش پکڑ لی، مسلسل 6ماہ سے ملتان کی تحصیل صدر اور سٹی میں صفائی کے نام پر کروڑوں روپے مالیت کی مبینہ کرپشن کرنے والی فرم کو ناقص کارکردگی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے اظہار ناپسندیدگی کا لیٹر جاری کرکے سات روز میں جواب طلب کرلیا ہے۔
، نجی فرم ایس اے انٹر پرائزز ناقص کارکردگی کا مراسلہ حاصل کرنے والی پنجاب میں پہلی کمپنی بن گئی۔ ذرائع کے مطابق نجی فرم ایس اے انٹر پرائزز پر مشتمل جوائنٹ ونیچر نے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عبدالرزاق ڈوگر ، چیف فنانشل آفیسر کبیر خان کی مبینہ ملی بھگت سے ملتان کی تحصیل سٹی اور صدر ساڑھے 16ارب روپے مالیت سے زائد میں صفائی کا ٹھیکہ حاصل کیا جس کی 4سالہ مدت مکمل ہونے کے بعد مزید دو سال توسیع بھی ہوسکے گی لیکن اس فرم کی ابتدائی 6ماہ میں ہی بد ترین کارکردگی سامنے آئی ہے۔
انھوں نے کہا نجی فرم کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عمران نور ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے بھی چیف ایگزیکٹو آفیسر رہے ہیں لیکن انکے دور میں 92کروڑ روپے مالیت کا سیکنڈل سامنے آنے کے بعد کمپنی سے نکلنا پڑ گیا، جیسے ہی ستھرا پنجاب پروجیکٹ لانچ ہوا ہے تو عمران نور نجی فرم ایس اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی شکل میں ایک مرتبہ پھر ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے فنڈز پر شب خون مارنے کے لیے میدان میں اترے جس کا خمیازہ ملتان کے لاکھوں شہریوں کو صفائی کی ناقص کارکردگی کی صورت میں ادا کرنا پڑ رہا ہے۔
روز نامہ بیٹھک کی جانب سے مسلسل ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے افسران اور نجی فرم ایس اے پر مشتمل جوائنٹ ونیچر کی ملی بھگت سے کرپشن ، سرکاری وسائل میں لا متناہی خورد برد اور صفائی کی ناقص ترین صورتحال کی مسلسل نشاندہی کرتا رہا، ضلعی انتظامیہ کے افسران کمشنر ، ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنرز سطح کے افسران بھی ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور نجی فرم کو انتباہ جاری کرتے نظر آئے، نجی فرم ایس اے پر مشتمل جوائنٹ ونیچر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عمران نور کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان کی ہر میٹنگ کے بعد ان کے آفس سے نکلتے ہی جملے کستے نظر آئے۔
انھوں نے کہا کمشنر ملتان ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو بار بار تنبیہ کے بعد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عبد الرزاق ڈوگر سے انتہائی نالاں نظر آنے لگے جبکہ نجی فرم نے کمشنر عامر کریم خان اور ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو کی ہدایات کو ردی کی نوکری میں ڈالنا شروع کر دیا، انھوں نے کہا چیف ایگزیکٹو آفیسر عبد الرزاق ڈوگر اور چیف فنانشل آفیسر کبیر خان کی مبینہ ملی بھگت سے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے انتظامی امور پر غیر اعلانیہ نجی فرم کا کنٹرول ہے ،نجی فرم نے اپنے ایجنٹ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی میں بھرتی کرا رکھے ہیں۔
جو سرکاری بجٹ سے تنخواہیں حاصل کرکے نجی فرم ایس اے کے مفادات کا تحفظ کر رہے ہیں، اس کی ایک زندہ مثال نجی فرم کے سی ای او عمران نور کا بھائی سلیمان نور ہے، روز نامہ “بیٹھک“ کی جانب سے کرپشن کے ساتھ ساتھ صفائی کی بدترین صورتحال کی بھی نشاندہی کی گئی اور آدھے سے زائد ورکرز کی تنخواہوں کے نام پر مبینہ خورد برد، تیل کے بجٹ پر مبینہ کرپشن کی بھی نشاندہی کی جس کے بعد انچارج ستھرا پنجاب پراجیکٹ حافظ عاصم محمود نے ملتان میں اچانک چھاپہ مارا جہاں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ستھرا پنجاب پراجیکٹ کو ناکام بنانے کا منصوبہ پکڑا گیا۔
،انکی ہدایات پر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے افسران نے نجی فرم ایس اے انٹر پرائزز کو اظہار ناپسندیدگی کا مراسلہ جاری کیا، اس لیٹر میں کہا گیا ہے کہ انچارج ستھرا پنجاب پراجیکٹ حافظ عاصم محمود کے دورے کے دوران جہاں شہر بھر میں صفائی کی ابتر صورتحال سامنے آئی۔
وہیں مختلف علاقوں میں صفائی کے ناقص انتظامات اور کوڑے کرکٹ کے ڈھیر دیکھنے میں آئے۔ جس کے بعد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ناقص کارکردگی پر نجی صفائی کمپنی ایس اے انٹر پرائزز کے خلاف کارروائی عمل میں لا رہی ہے۔ اس لیٹر کے ذریعے کمپنی کو صفائی کی ابتر صورتحال پر اظہار ناپسندیدگی جاری کرتے ہوئے 7روز میں جواب طلب کر لیا گیا ہے۔ دورے کے دوران ٹمبر مارکیٹ، غلہ منڈی، ممتاز آباد، کچی آبادی، علی چوک، پیر کالونی، خیام سینما، سبزی منڈی، دہلی گیٹ اور کڑی جمنداں سمیت درجنوں علاقوں میں کوڑے کے ڈھیر پائے گئے۔ اس کے علاوہ 50 فیصد سینٹری ورکرز غیر حاضر اور باقی ورکرز بغیر یونیفارم کے ڈیوٹی پر موجود پائے گئے۔
انسپکشن ٹیم کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ اگر کمپنی کی جانب سے تسلی بخش جواب نہ دیا گیا اور کنٹریکٹ کی شرائط کو مکمل طور پر فالو نہ کیا گیا تو کنٹریکٹ منسوخ کر دیا جائے گا۔ دوسری جانب عوامی حلقوں کی جانب سے صفائی کے ناقص انتظامات پر شدید تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے اور متعلقہ حکام سے فوری بہتری کے اقدامات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔اس حوالے سے ترجمان ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی سے موقف کے لیے رابط کیا گیا تو انھوں نے کال اٹینڈ نہیں کی جبکہ چیف ایگزیکٹو آفیسر نجی فرم ایس اے عمران نور نے بھی واٹس ایپ ٹیکسٹ موقف نہیں دیا۔

یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں