جامعہ زکریا : شعبہ پی ڈی ونگ کی مبینہ نااہلی ،تصوف کمپلیکس 3سال بعد بھی نامکمل

جامعہ زکریا تصوف کمپلیکس تاخیر: 3 سال بعد بھی منصوبہ نامکمل

ملتان ( خصوصی رپورٹر) جامعہ زکریا کا شعبہ پی ڈی ونگ غیر فعال ،وائس چانسلر کے احکامات بھی ہوا میں آڑا دیئے گئے ،صوفی ازم و تصوف کمپلیکس کی سائٹ گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے بند ،ٹھیکیدار کو ایڈوانس ادائیگیوں کے باوجود پراجیکٹ ڈائریکٹر سمیت یونیورسٹی انجینئر 25 فیصد ادھورا کام مکمل کرانے میں ناکام ،ٹھیکیدار کمپنی نے مزید کام لیپس شدہ فنڈز کی بحالی سے مشروط کردیا ،پی ڈی اور یونیورسٹی انجینئر مذکورہ منصوبہ کا ادھوراکام مکمل کرانے کیلئے سر جوڑ کر بیٹھ گئے ۔
تفصیل کے مطابق جامعہ زکریا کے شعبہ پی ڈی ونگ کی مبینہ نااہلی کے باعث ایچ ای سی کی گرانٹ سے شروع ہونے والا 18 ماہ کاصوفی ازم و تصوف کمپلیکس 3 سال سے زائد کا عرصہ گزرنے کے باوجود بھی مکمل نہیں ہوسکا ،اس ضمن میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر زبیر اقبال غوری کی جانب سے ماہ اگست کے آغاز کے ساتھ ہی پراجیکٹ ڈائریکٹر شیخ عمران اور یونیورسٹی انجینئر سعود منیر کو مذکورہ منصوبے کا 25 فیصد کام 13 اگست تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دی گئ تھی تاکہ 14 اگست کو مذکورہ منصوبے کا افتتاح کیا جاسکے۔
لیکن شعبہ پی ڈی ونگ اپنی غیر فعالیت کے باعث وائس چانسلر کی ڈیڈ لائن کے باوجود بھی ٹھیکیدار کمپنی سے ادھورا کام مکمل کرانے میں بری طرح ناکام رہا ہے ۔اس ضمن میں یونیورسٹی انجینئر سعود منیر نے پراجیکٹ پر کام کرنے والے یونیورسٹی انجینئروں کو تو سائٹ پر موجود رہنے کا پابند کیا لیکن ٹھیکیدار کمپنی نے لیپس شدہ فنڈز کی بحالی تک دوبارہ کام شروع کرنے سے صاف انکار کردیا ،ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ڈی ونگ کی جانب سے مذکورہ منصوبہ پر کام کرنے والی کمپنی پروفیشنل فراز کو پہلے ہی 22 لاکھ روپے سے زائد کی ایڈوانس ادائیگی کی جاچکی ہے۔
جبکہ بقیہ سوا کروڑ روپے کے چیک ماہ جون کے آخر میں جاری کئے گئے تھے جو ایچ ای سی نے قبل از وقت ہی روک لئے تھے ۔مذکورہ چیکوں کی ادائیگیاں نہ پر ٹھیکدار کمپنی نے یکم جولائی سے مذکورہ پراجیکٹ پر کام بند کردیا تھا جو تقریباً ڈیڑھ ماہ گزرنے کے باوجود بھی شروع نہیں ہوسکا ۔
اور اس طرح 9 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا منصوبہ یونیورسٹی انجینئروں کی مبینہ نااہلی کی بھینٹ چڑھ کر رہ گیا ہے اس ضمن میں جامعہ کے سنجیدہ تدریسی و انتظامی حلقوں نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر زبیر اقبال غوری سے مذکورہ صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے منصوبہ مکمل کرانے کا مطالبہ کیا ہے ۔اس ضمن میں پراجیکٹ ڈائریکٹر شیخ عمران کا موقف جاننے کیلئے بیٹھک کی جانب سے رابطہ کیا گیا مگر وہ رابطے میں نہ آسکے ۔

یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں