سعودی حکومت کا انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کے لیے چار بسوں کا تحفہ

بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کو سعودی حکومت کا تحفہ، تعلیمی تعاون کی نئی مثال

پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کو سعودی حکومت کی جانب سے تحفے میں دئی گئی چار بسوں کا افتتاح کردیا۔
بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے نئے کیمپس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سعودی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات برادرانہ اور مثالی ہیں۔
جنہیں دنیا بھر میں سراہا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی سعودی حکومت کے دل میں ایک خاص مقام رکھتی ہے۔
اس موقع پر انہوں نے جامعہ کے صدر اور انتظامیہ کی مہمان نوازی پر بھی شکریہ ادا کیا۔
صدر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نے سعودی حکومت اور سفیر نواف سعید المالکی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے تعاون سے نہ صرف دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوتے ہیں بلکہ طلباء اور عملے کو سفری سہولیات میں بھی آسانی میسر آئے گی۔
تقریب سے قبل سفیر کو سینٹرل ٹرانسپورٹ یونٹ کے ڈائریکٹر سید حسن آفتاب نے جامعہ کی ٹرانسپورٹ سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی۔
اس موقع پر جامعہ کے نائب صدور، سعودی فیکلٹی ممبران اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں