پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان پری امیگریشن کلیئرنس پر اتفاق
پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان پری امیگریشن کلیئرنس پر اتفاق ہوگیا۔
ڈائریکٹر جنرل کسٹمز اینڈ پورٹ سیکیورٹی احمد بن لاحج الفلاسی کی قیادت میں متحدہ عرب امارات کے وفد کی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان پری امیگریشن کلیئرنس کے حوالے سے باضابطہ معاہدہ کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ مسافروں کی امیگریشن اور متعلقہ کلیئرنس پاکستان ہی میں مکمل کی جائے گی۔
اس نظام کے نفاذ کے بعد مسافروں کو متحدہ عرب امارات پہنچنے پر طویل امیگریشن کارروائی سے نہیں گزرنا پڑے گا اور وہ ڈومیسٹک مسافروں کی طرح سیدھا ایئرپورٹ سے باہر نکل سکیں گے۔
یہ نیا نظام ابتدائی طور پر پائلٹ بنیادوں پر کراچی سے شروع کیا جائے گا۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے سفر میں سہولت، وقت کی بچت اور مسافروں کے مجموعی تجربے میں نمایاں بہتری آئے گی۔
یو اے ای وفد نے بھی اس اقدام کو دونوں ممالک کے عوام کے لیے انتہائی مفید قرار دیتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
خبر کی تفصیل کے لیے لنک پر کلک کریں۔