افغانستان سے دراندازی اور دہشتگردی پر یورپی یونین کی پاکستان کے مؤقف کی تائید
یورپی یونین نے افغانستان کی سرزمین سے ہونے والی دہشتگردی کے خلاف پاکستان کے حقِ دفاع کی حمایت کا اظہار کیا ہے۔اسلام آباد میں پاک۔یورپی یونین اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے آٹھویں اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یورپی یونین کی خارجہ امور اور سلامتی پالیسی کی اعلیٰ نمائندہ کایا کالاس نے کہا کہ پاکستان کو دہشتگردی کے خطرات سے نمٹنے اور اپنی سلامتی کے تحفظ کا مکمل حق حاصل ہے۔
انہوں نے امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کے دوران پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے کا ایک اہم ملک اور یورپی یونین کا قابلِ اعتماد شراکت دار ہے، جبکہ دونوں فریقوں کے کئی ترجیحی اہداف ایک جیسے ہیں۔
کایا کالاس کا کہنا تھا کہ جی ایس پی پلس پروگرام کے تحت یورپی یونین پاکستان میں انسانی حقوق کے فروغ اور مزدوروں کے تحفظ کے شعبوں میں مزید مؤثر پیش رفت کی خواہاں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ دونوں فریق صرف تجارتی تعلقات تک محدود نہیں۔
بلکہ ماحولیاتی تبدیلی، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، صاف توانائی، ہجرت اور نقل و حرکت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے بھی کام کر رہے ہیں۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.