افغان طالبان ٹی ٹی پی، بی ایل اے اور داعش کے خلاف مؤثر کارروائی کریں، پاکستان کا اقوام متحدہ میں مطالبہ
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے افغان طالبان پر زور دیا ہے کہ وہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی)، بی ایل اے اور داعش سمیت دہشت گرد تنظیموں کے خلاف ٹھوس اور مؤثر اقدامات کریں، کیونکہ خطے میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی عالمی امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ بنتی جا رہی ہے۔
سلامتی کونسل کے افغانستان سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان کے ساتھ انسانی ہمدردی، سیاسی روابط اور تجارتی تعاون کے فروغ کے لیے متعدد اقدامات کیے۔ پاکستان کو امید تھی کہ طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد خونریزی کا خاتمہ ہوگا اور خطے میں پائیدار امن قائم ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ توقع تھی طالبان اپنی یقین دہانیوں پر عمل کرتے ہوئے ایک ذمہ دار انتظامیہ کا کردار ادا کریں گے اور اپنی سرزمین کو دہشت گرد تنظیموں کے استعمال سے روکیں گے، تاہم بدقسمتی سے پاکستان کے سیکیورٹی خدشات کو مطلوبہ توجہ نہیں دی گئی۔
پاکستانی مندوب کا کہنا تھا کہ افغانستان کی سرزمین اب بھی بعض دہشت گرد گروہوں کے لیے محفوظ پناہ گاہ کے طور پر استعمال ہو رہی ہے، جس کے باعث پاکستان دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کے پاس دہشت گردی کے واقعات میں افغان شہریوں کے ملوث ہونے کے شواہد موجود ہیں۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.