امریکا اور ایران کے درمیان معاہدہ جلد طے پانے کا امکان، صدر ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مجوزہ معاہدے پر ہفتے کے اختتام یا پیر کے روز دستخط ہو سکتے ہیں، جس سے دونوں ممالک کے تعلقات میں اہم پیش رفت متوقع ہے۔ایک امریکی خبر رساں ویب سائٹ کو دیے گئے انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا حالیہ بیان انتہائی مثبت ہے۔ .
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران نے نجی سطح پر غلط معلومات کے اجراء پر معذرت بھی کی ہے۔رپورٹس کے مطابق ایران کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے معاہدے کی منظوری دی جا چکی ہے، تاہم حتمی منظوری کے حوالے سے ابھی تک کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔
اس سے قبل صدر ٹرمپ نے ایرانی میڈیا میں معاہدے سے متعلق سامنے آنے والی بعض تفصیلات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ میڈیا میں گردش کرنے والی شرائط اور فریقین کے درمیان تحریری طور پر طے پانے والی شرائط میں کوئی مماثلت نہیں۔
یاد رہے کہ صدر ٹرمپ نے حال ہی میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا ایک بیان بھی سوشل میڈیا پر شیئر کیا تھا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ مفاہمتی یادداشت کے حوالے سے دونوں فریق پہلے کے مقابلے میں زیادہ قریب آ چکے ہیں۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.