بہتری کا سفر جاری رہے گا، محرم میں مثالی سکیورٹی اور سہولیات یقینی بنائیں گے: مریم نواز
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ حکومت کی پالیسی صرف کامیابی حاصل کرنا نہیں بلکہ ہر مرحلے پر مزید بہتری لانا ہے، اسی وژن کے تحت محرم الحرام کے دوران سکیورٹی اور انتظامی امور کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔
لاہور میں سکیورٹی انتظامات کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے انتظامی کارکردگی کے حوالے سے ایک نیا معیار قائم کیا ہے۔ انہوں نے عیدالاضحیٰ کے دوران بہترین انتظامات پر ضلعی انتظامیہ، فیلڈ ٹیموں اور متعلقہ اداروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔
مریم نواز نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران گزشتہ اقدامات سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا جائے اور عزاداروں کی سکیورٹی کے ساتھ ساتھ انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے جامع اور فول پروف انتظامات کیے جائیں۔
وزیراعلیٰ نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر صوبے بھر میں صفائی ستھرائی اور امن و امان کے مؤثر انتظامات کو قابلِ تعریف قرار دیتے ہوئے کہا کہ کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں نے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھائیں۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.