گندم کی درآمدی حد میں بڑا اضافہ، 25 لاکھ میٹرک ٹن کرنے کی منظوری
اسلام آباد: ملک میں گندم کی ممکنہ قلت کے پیش نظر کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے گندم کی درآمدی حد 10 لاکھ سے بڑھا کر 25 لاکھ میٹرک ٹن کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اس اقدام کا مقصد ملک میں گندم کی دستیابی یقینی بنانا اور قیمتوں کو مستحکم رکھنا ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں مالی سال 2026-27 کے لیے گندم کی درآمدی حد میں اضافے کی منظوری دی گئی۔ اس سے قبل گندم کی درآمد کے لیے 10 لاکھ میٹرک ٹن کی حد مقرر تھی، جسے اب بڑھا کر 25 لاکھ میٹرک ٹن کر دیا گیا ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ گندم کی درآمد سے متعلق ای سی سی کے فیصلے کو حتمی توثیق کے لیے وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
بریفنگ کے دوران کمیٹی کو آگاہ کیا گیا کہ صوبوں کی جانب سے گندم کی درآمد کی مجموعی ضرورت 17 لاکھ میٹرک ٹن بتائی گئی ہے۔ اس میں پنجاب کے لیے 9 لاکھ 50 ہزار میٹرک ٹن، سندھ کے لیے 4 لاکھ 50 ہزار میٹرک ٹن اور خیبرپختونخوا کے لیے 3 لاکھ میٹرک ٹن گندم کی ضرورت شامل ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ بلوچستان کی گندم کی ضروریات پاسکو کے دستیاب ذخائر سے پوری کی جائیں گی۔
حکومت کا کہنا ہے کہ گندم کی درآمدی حد میں اضافے سے ملک میں گندم کی فراہمی بہتر بنانے اور قیمتوں میں استحکام لانے میں مدد ملے گی۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.