ایران-امریکا معاہدے کا عالمی سطح پر خیرمقدم، پاکستان کے سفارتی کردار کو سراہا گیا
ایران اور امریکا کے درمیان طے پانے والے معاہدے کو عالمی برادری نے مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے اس کا خیرمقدم کیا ہے، جبکہ امن عمل میں پاکستان کے مؤثر سفارتی کردار کو بھی سراہا گیا ہے۔.
برطانوی وزیرِاعظم نے معاہدے کو خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور پائیدار استحکام کی جانب ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پیش رفت امن اور سفارت کاری کی کامیابی کی عکاس ہے۔ انہوں نے ثالثی کے عمل میں کردار ادا کرنے والے ممالک، خصوصاً پاکستان، قطر اور دیگر شراکت داروں کی کوششوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔
دوسری جانب چین نے امریکا اور ایران کے درمیان مفاہمتی یادداشت کے ابتدائی متن پر اتفاق رائے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے علاقائی امن کے لیے حوصلہ افزا پیش رفت قرار دیا۔ چینی حکام نے اس عمل میں پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کو بھی سراہا۔
چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ مشرقِ وسطیٰ اور خلیجی خطے میں امن و استحکام عالمی اہمیت کے حامل ہیں اور چین خطے میں تنازعات کے حل کے لیے سفارتی مذاکرات اور سیاسی ذرائع کی حمایت جاری رکھے گا۔
عالمی مبصرین کے مطابق یہ معاہدہ نہ صرف خطے میں کشیدگی کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے بلکہ مختلف ممالک کے درمیان سفارتی تعاون اور اعتماد کے فروغ کے لیے بھی ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.