بارشوں کا نیا سلسلہ شروع، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار
ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کے نئے اسپیل کا آغاز ہو گیا ہے، جس کے باعث پنجاب اور خیبرپختونخوا کے متعدد شہروں میں موسم خوشگوار ہو گیا جبکہ درجہ حرارت میں بھی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں تیز آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، جس سے شدید گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
سیالکوٹ میں گہرے بادلوں اور بارش کے باعث دن کے اوقات میں رات جیسا منظر دیکھنے میں آیا۔گجرات اور گردونواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہونے والی بارش کے نتیجے میں متعدد بجلی فیڈر ٹرپ کر گئے، جس سے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔
پنڈی بھٹیاں، خانقاہ ڈوگراں، گوجرخان، میانوالی اور ظفروال میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا، جبکہ گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارش نے موسم کو مزید خوشگوار بنا دیا۔دوسری جانب خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی طوفانی بارش اور ژالہ باری ریکارڈ کی گئی۔
مردان اور نواحی علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور ژالہ باری ہوئی، جبکہ صوابی میں شدید آندھی اور موسلادھار بارش نے گرمی کی شدت کم کر دی۔ طوفانی ہواؤں کے باعث متعدد بجلی فیڈر ٹرپ ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں۔
فتح جنگ اور مضافاتی علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا، جس سے موسم سہانا ہو گیا۔ادھر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے پیش گوئی کی ہے کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں آج سے 20 جون تک آندھی، گرج چمک اور بارشوں کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔ شہریوں کو خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.