محرم الحرام: پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ، سکیورٹی کے لیے متعدد پابندیاں عائد
محکمہ داخلہ پنجاب نے محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے اور سکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ترجمان محکمہ داخلہ کے مطابق یکم سے 10 محرم الحرام، یعنی 17 جون سے 26 جون تک پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ العمل رہے گی۔
اس دوران سات مختلف نوعیت کی پابندیاں عائد کی گئی ہیں تاکہ عزاداری کے اجتماعات اور جلوسوں کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق محرم الحرام کے دوران صرف ان جلوسوں اور مجالس کی اجازت ہوگی جو پہلے سے منظور شدہ ہیں، جبکہ کسی نئی روایت، جلوس یا مذہبی سرگرمی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
دفعہ 144 کے تحت متعلقہ اتھارٹی کی پیشگی اجازت کے بغیر عوامی مقامات پر ہر قسم کے اسلحے، ہتھیاروں اور آتش گیر مواد کی نمائش پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔اس کے علاوہ ایسے نعروں، اشاروں، بیانات اور تبصروں پر بھی پابندی ہوگی جو عوامی جذبات کو مشتعل کرنے، مذہبی عقائد کو مجروح کرنے یا فرقہ وارانہ کشیدگی کو ہوا دینے کا باعث بن سکتے ہوں۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.