جنوبی لبنان میں اسرائیلی کارروائیاں نہ رکیں تو سخت جواب دیا جائے گا، ایرانی فوج کا انتباہ
ایرانی مسلح افواج کے مرکزی کمانڈ سینٹر، خاتم الانبیاء ہیڈکوارٹر، نے خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیل جنوبی لبنان میں اپنی فوجی کارروائیاں جاری رکھتا ہے تو اسے بھرپور اور فیصلہ کن ردعمل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ایرانی فوج کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ گزشتہ دو روز کے دوران اسرائیلی افواج نے جنوبی لبنان میں جنگ بندی معاہدے کی 84 مرتبہ خلاف ورزی کی۔
بیان کے مطابق ان کارروائیوں کے نتیجے میں عام شہریوں کی ہلاکتیں بھی ہوئیں، جس سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھ رہی ہے۔بیان میں کہا گیا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جنگ بندی اور کشیدگی میں کمی کے حوالے سے کیے گئے دعوؤں کے باوجود زمینی حقائق مختلف ہیں اور اسرائیلی فوجی آپریشنز بدستور جاری ہیں۔
خاتم الانبیاء ہیڈکوارٹر نے واضح کیا کہ اگر اسرائیلی افواج نے جنوبی لبنان میں اپنی کارروائیاں بند نہ کیں تو ایران کی مسلح افواج مناسب، مؤثر اور سخت جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔ایرانی فوجی قیادت نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ خطے میں کسی بھی قسم کی جارحیت کا بھرپور مقابلہ کیا جائے گا اور یکطرفہ فوجی اقدامات کو ہرگز قبول نہیں کیا جائے گا۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.