ایران امریکا بالواسطہ مذاکرات میں پیش رفت، تہران کے لیے 3 ارب ڈالر جاری کرنے پر ابتدائی اتفاق
دوحہ میں امریکا اور ایران کے درمیان جاری بالواسطہ تکنیکی مذاکرات میں اہم علاقائی اور اقتصادی معاملات پر پیش رفت سامنے آئی ہے، جبکہ تہران کے لیے 3 ارب ڈالر جاری کرنے پر ابتدائی اتفاق بھی کیا گیا ہے۔برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ان مذاکرات میں پاکستان اور قطر ثالث کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
مذاکراتی عمل میں دونوں ممالک کے نمائندوں اور تکنیکی ماہرین پر مشتمل وفود شریک ہیں، جہاں مختلف حساس امور پر تبادلہ خیال جاری ہے۔رپورٹ کے مطابق دوحہ میں ایران، قطر اور پاکستان کے درمیان بھی ایک علیحدہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران معاہدے کے مختلف نکات اور اب تک ہونے والی پیش رفت پر تفصیلی غور کیا گیا۔رائٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے ایک ایرانی سینیئر عہدیدار نے بتایا کہ مذاکرات میں ایران کے منجمد اثاثوں کی بحالی، آبنائے ہرمز سے متعلق معاملات اور دیگر حساس علاقائی و اقتصادی امور پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
ان کے مطابق دونوں فریق اختلافات کم کرنے اور مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے رابطے جاری رکھے ہوئے ہیں۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.