بانی پی ٹی آئی عمران خان کو شفا اسپتال منتقل کرنے کا عدالتی حکم
سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو دو روز کے اندر شفا اسپتال منتقل کرنے کی ہدایت کردی۔ عدالت نے واضح کیا کہ عمران خان آئندہ سماعت تک اسپتال میں زیرِ علاج رہیں گے، جبکہ اہلِ خانہ کو ہفتے میں ایک دن ان سے ملاقات کی اجازت ہوگی۔
جسٹس شاہد وحید کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے عمران خان کی صحت اور اہلِ خانہ سے ملاقاتوں سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ بینچ میں جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس اشتیاق ابراہیم بھی شامل تھے۔عدالت نے ہدایت کی کہ ڈاکٹر فیصل سلطان اور ڈاکٹر عظمیٰ خان بھی عمران خان کے ساتھ موجود ہوں گے۔
سماعت کے دوران تحریک انصاف کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی کہ بانی پی ٹی آئی کی میڈیکل رپورٹس کو سیاسی معاملہ نہیں بنایا جائے گا اور اسپتال کے باہر ہجوم بھی جمع نہیں ہونے دیا جائے گا۔سماعت کے دوران جسٹس شاہد وحید نے استفسار کیا کہ عمران خان سے ان کی کون سی بہن ملاقات کرے گی۔
وکیل نے بتایا کہ ڈاکٹر ہونے کی وجہ سے عظمیٰ خان کو ان سے ملاقات کی اجازت دی جائے۔نجی اسپتال منتقلی کے اخراجات سے متعلق سوال پر وکیل عذیر بھنڈاری نے کہا کہ عمران خان کو حکومت ماضی میں بھی پمز اسپتال لے جاتی رہی ہے، تاہم نجی اسپتال کے اخراجات کون ادا کرے گا؟
اس پر وکیل عظمیٰ خان نے عدالت کو بتایا کہ نجی اسپتال کے اخراجات وہ خود برداشت کریں گے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.