ایران کا جوہری تنصیبات کے معائنے سے متعلق اہم اعلان
تہران: ایران نے واضح کیا ہے کہ حالیہ فوجی حملوں سے متاثر ہونے والی جوہری تنصیبات تک عالمی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے معائنہ کاروں کو فوری رسائی نہیں دی جائے گی۔ایران کی جوہری توانائی تنظیم کے سربراہ محمد اسلامی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ جوہری تنصیبات کے معائنے سے قبل معائنہ کرنے کے لیے نئے طریقہ کار اور ضروری انتظامات طے کرنا ہوں گے۔
ان کے مطابق موجودہ صورتحال میں معمول کے طریقہ کار کے تحت معائنہ ممکن نہیں۔محمد اسلامی نے الزام عائد کیا کہ آئی اے ای اے نے ایرانی جوہری تنصیبات پر ہونے والے فوجی حملوں کی مناسب مذمت نہیں کی، جس کے باعث ایجنسی کی غیر جانب داری اور آزادی سے متعلق سوالات پیدا ہوئے ہیں۔
ایرانی عہدیدار نے مزید دعویٰ کیا کہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے آئی اے ای اے کے حکام پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے تاکہ ایجنسی کے معائنہ کاروں کو متاثرہ ایرانی جوہری تنصیبات تک رسائی حاصل ہو سکے۔ان کا کہنا تھا کہ ایران اپنی جوہری تنصیبات کی موجودہ صورتحال اور سکیورٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے معائنے کے حوالے سے آئندہ کا طریقہ کار خود طے کرے گا۔
تہران کا مؤقف ہے کہ متاثرہ تنصیبات میں کسی بھی قسم کے معائنے سے قبل سکیورٹی اور دیگر ضروری امور کو یقینی بنانا ناگزیر ہے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.