مدارس کے بینک اکاؤنٹس کا دیرینہ مسئلہ حل ہونے کے قریب، قانونی بینکاری نظام میں شمولیت پر اتفاق
دینی مدارس کے بینک اکاؤنٹس سے متعلق طویل عرصے سے جاری مسئلے کے حل کی جانب اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ دینی قیادت، اسٹیٹ بینک اور متعلقہ مالیاتی اداروں کے درمیان مدارس کو قانونی بینکاری نظام سے منسلک کرکے انہیں قومی مالیاتی دھارے کا حصہ بنانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
ڈائریکٹوریٹ جنرل مذہبی تعلیم کے زیرِ اہتمام منعقدہ علما و مشائخ کانفرنس میں مدارس کے بینک اکاؤنٹس کھولنے کے لیے درکار قانونی اور انتظامی تقاضے مکمل کرنے اور اکاؤنٹس کھولنے کا عمل فوری طور پر آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔مشاورتی اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ ملک کے مختلف علاقوں میں دینی مدارس کو درپیش بینکاری رکاوٹوں کو باہمی مشاورت کے ذریعے دور کیا جائے گا۔
شرکا کا کہنا تھا کہ مدارس کے بینک اکاؤنٹس کا معاملہ محض انتظامی نوعیت کا نہیں بلکہ لاکھوں طلبہ سے وابستہ ایک اہم قومی ضرورت ہے۔اجلاس میں اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ دینی مدارس کو باقاعدہ بینکاری نظام تک آسان، شفاف اور باوقار رسائی فراہم کی جائے گی۔
مقررہ قانونی طریقہ کار کے تحت اکاؤنٹس کھولنے سے نہ صرف مدارس کے مالی معاملات میں شفافیت آئے گی بلکہ بینکاری اداروں کے قانونی اور انتظامی تحفظ کو بھی یقینی بنایا جاسکے گا۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.