پاکستان اور کویت میں دفاعی تعاون مزید مضبوط، ’پروٹوکول معاہدہ 2026‘ پر دستخط
پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی تعاون کے فروغ کے لیے اہم معاہدہ طے پاگیا، جس کے تحت پاک فوج کویتی مسلح افواج کو مختلف شعبوں میں معاونت فراہم کرے گی۔وزارت دفاع کے مطابق ’پاک کویت پروٹوکول معاہدہ 2026‘ کے تحت دونوں ممالک کے درمیان فوجی تربیت، استعدادِ کار میں بہتری، سرحدی انتظام اور دفاع سے متعلق دیگر باہمی طور پر طے شدہ شعبوں میں تعاون کیا جائے گا۔
کویتی وزیر دفاع کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی وفد نے وزارت دفاع کا دورہ کیا، جس میں کویتی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل خالد دراج سعد الشریعان بھی شریک تھے۔کویتی وفد نے وزیر دفاع خواجہ آصف سے ملاقات کی، جبکہ کویتی وزیر دفاع شیخ عبداللہ کی قیادت میں وفد نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) کا بھی دورہ کیا۔
دورے کے دوران کویتی وفد نے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ دفاعی امور اور باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور کویت نے دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے اور اسے مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.