عمران خان کی اسپتال منتقلی سے متعلق توہین عدالت کیس، فوری سماعت کی درخواست مقرر نہ ہوسکی
اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اسپتال منتقلی سے متعلق توہین عدالت کی درخواست پر سپریم کورٹ میں جلد سماعت کا امکان ختم ہوگیا، عظمیٰ خان کی جانب سے فوری سماعت کے لیے دائر دوسری درخواست بھی مقرر نہ ہوسکی۔ذرائع کے مطابق توہین عدالت کا معاملہ اب 16 ستمبر کو مرکزی کیس کے ساتھ بینچ کے سامنے رکھا جائے گا۔
عمران خان کی اسپتال منتقلی سے متعلق مرکزی مقدمہ بھی 16 ستمبر کو سماعت کے لیے مقرر ہے۔واضح رہے کہ 25 اگست کو تحریک انصاف کی جانب سے دائر توہین عدالت کی درخواست پر عائد اعتراضات دور کیے جانے کے بعد کیس کو نمبر الاٹ کردیا گیا تھا۔
بعد ازاں درخواست گزار عظمیٰ خان نے مقدمے کی جلد سماعت کے لیے متفرق درخواست دائر کی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ انصاف کے تقاضوں کے تحت کیس کو جلد سماعت کے لیے مقرر کیا جائے اور اسی ہفتے میں معاملہ عدالت کے سامنے لایا جائے۔
دوسری جانب سپریم کورٹ میں عمران خان کی اسپتال منتقلی سے متعلق کیس میں حکومت کی جانب سے دائر نظرثانی درخواست پر سماعت بھی 16 ستمبر کو ہوگی۔ ذرائع کے مطابق حکمنامہ جاری کرنے والا ہی بینچ حکومتی نظرثانی درخواست کی سماعت کرے گا اور اسے مرکزی کیس کے ساتھ عدالت کے سامنے رکھا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جسٹس شاہد وحید کی سربراہی میں جسٹس نعیم افغان اور جسٹس اشتیاق ابراہیم پر مشتمل تین رکنی بینچ کیس کی سماعت کرے گا۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.