علاقائی سکیورٹی کیلئے چین کی تجویز کی مکمل حمایت کرتے ہیں: ایران
تہران: ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ ایران خطے میں مشترکہ سکیورٹی کے قیام سے متعلق چین کی تجویز کی مکمل حمایت کرتا ہے۔محمد باقر قالیباف نے اپنے بیان میں کہا کہ چین کی جانب سے مشترکہ سکیورٹی کے اصول پر زور دینا اس مؤقف کے عین مطابق ہے جس کی ایران طویل عرصے سے وکالت کرتا آیا ہے۔
ایرانی اسپیکر نے کہا کہ علاقائی ممالک کو اپنے مستقبل کی ذمہ داری خود سنبھالنی چاہیے۔ ان کے مطابق خطے میں حقیقی اور پائیدار استحکام اسی وقت ممکن ہے جب ایسا نیا سکیورٹی ڈھانچہ تشکیل دیا جائے جو خود خطے کے ممالک کے درمیان تعاون سے وجود میں آئے، اور ایران اس مقصد کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تہران ہمیشہ علاقائی ممالک پر زور دیتا رہا ہے کہ وہ خطے سے باہر کی طاقتوں پر انحصار کم کریں اور باہمی تعاون کے ذریعے اپنی سکیورٹی کا انتظام کریں۔واضح رہے کہ چین کے صدر شی جن پنگ نے بھی مشرق وسطیٰ میں سکیورٹی کے لیے نئے ڈھانچے کے قیام کی خاطر چار نکاتی حکمت عملی پر زور دیا ہے۔
مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے بدھ کو ہونے والی ملاقات میں صدر شی جن پنگ نے مشترکہ، جامع، تعاون پر مبنی اور دیرپا سکیورٹی کے قیام کی ضرورت پر زور دیا تھا۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.