آج کا اخبار پڑھیں ای پیپر

پاکستان کرکٹ کے بحران کی بڑی وجہ عاقب جاوید ہیں: جیسن گلیسپی

Super Admin


پاکستان ریڈ بال کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی نے ایک بار پھر پاکستان کرکٹ بورڈ اور ملکی کرکٹ کے معاملات پر کھل کر اظہار خیال کیا ہے۔جیسن گلیسپی کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذمے ان کے اب بھی ہزاروں ڈالر واجب الادا ہیں۔ ان کے مطابق انہوں نے اپنے اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا اور مستقبل میں بھی ایسا کرنے کا ارادہ نہیں رکھتے۔سابق ہیڈ کوچ نے کہا کہ وہ خاموش رہ کر ہر بات تسلیم کرسکتے تھے، لیکن ایسا کرنا ان کی فطرت میں شامل نہیں۔
ان کے بقول وہ ’’یس مین‘‘ نہیں ہیں۔ انہیں اندازہ تھا کہ شاید چند ماہ بعد انہیں عہدے سے ہٹا دیا جائے، تاہم اس کے باوجود انہوں نے اپنے مؤقف سے پیچھے ہٹنے سے انکار کیا۔جیسن گلیسپی نے کہا کہ عاقب جاوید کی جانب سے ان کے خلاف مسلسل منفی گفتگو سے وہ تنگ آچکے ہیں۔ اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو وہ عاقب جاوید کے خلاف قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ کی موجودہ صورتحال دیکھ کر انہیں افسوس ہوتا ہے۔ ان کے مطابق پاکستانی کرکٹ ایک ایسے نقصان دہ چکر میں پھنس چکی ہے جس سے نکلنے کیلئے بنیادی مسائل کو حل کرنا ضروری ہے۔
جیسن گلیسپی نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کرکٹ کے موجودہ مسائل کی بنیادی وجوہات میں عاقب جاوید کا کردار شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کرکٹ میں ذمہ داری سنبھالنے سے قبل ہی انہیں مختلف معاملات کے حوالے سے خبردار کردیا گیا تھا اور وہ یہاں موجود غیر یقینی صورتحال سے آگاہ تھے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کوچنگ ان کے کیریئر کی بڑی کامیابیوں میں شامل ہوسکتی تھی، کیونکہ پاکستان کی کرکٹ تاریخ شاندار ہے اور یہاں کے عوام کھیل سے گہری وابستگی رکھتے ہیں۔گلیسپی کے مطابق انہوں نے پاکستان ٹیسٹ ٹیم کو بہتر بنانے کے موقع کے طور پر کوچنگ کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ 
فاسٹ بولنگ کو دوبارہ مضبوط بنانا بھی ان کے مینڈیٹ کا حصہ تھا اور وہ ایسی پچز تیار کرنا چاہتے تھے جو باؤنس اور تیز گیند بازی کیلئے سازگار ہوں۔سابق کوچ کا کہنا تھا کہ عاقب جاوید کی تقرری کے بعد صورتحال مکمل طور پر تبدیل ہوگئی۔ ان کے بقول عاقب جاوید پاکستان کرکٹ کے بیشتر معاملات کے نگران بن گئے تھے جبکہ سلیکشن کے معاملات میں بھی ان کا کردار محدود کردیا گیا۔
 

شیئر کریں: Facebook WhatsApp X

تبصرے

Please keep the discussion respectful.

0 تبصرے
No comments yet. Be the first to share your thoughts.

Your comment will appear after moderation.