سعودی ولی عہد کی حوثیوں کے خلاف کارروائی کی درخواست، ٹرمپ نے مسترد کردی: امریکی میڈیا
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے حوثیوں کے خلاف کارروائی کی درخواست قبول کرنے سے انکار کردیا۔امریکی نیوز ویب سائٹ ایکسیوس نے دعویٰ کیا ہے کہ بحیرہ احمر میں حوثیوں سے درپیش خطرات کے معاملے پر سعودی ولی عہد نے گزشتہ روز صدر ٹرمپ سے دو مرتبہ ٹیلی فون پر گفتگو کی۔
رپورٹ کے مطابق محمد بن سلمان نے امریکی صدر پر زور دیا کہ حوثیوں کے خلاف کارروائی کی جائے، تاہم ٹرمپ نے اس حوالے سے فوجی کارروائی کرنے سے معذرت کرلی۔ایکسیوس کے مطابق گزشتہ چند ہفتوں کے دوران امریکی سول اور عسکری حکام سعودی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے ہیں۔
اسی سلسلے میں امریکی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر ایڈمرل بریڈ کوپر بھی ہنگامی رابطہ اجلاسوں میں شرکت کے لیے گزشتہ روز سعودی عرب پہنچے۔امریکی میڈیا کے مطابق واشنگٹن میں سعودی سفارتخانے اور وائٹ ہاؤس نے اس معاملے پر مؤقف دینے سے گریز کیا ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل یمن کی حوثی تنظیم انصاراللہ کی جانب سے سعودی عرب میں کیے گئے حملوں کے نتیجے میں 73 افراد زخمی ہوئے تھے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.