برمنگھم ٹیسٹ: رضا اللہ نے ڈیبیو پر تیز ترین نصف سنچری کا پاکستانی ریکارڈ بنا دیا
برمنگھم ٹیسٹ میں ڈیبیو کرنے والے فاسٹ بولر رضا اللہ نے بیٹنگ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو اننگز کی شکست سے بچانے میں اہم کردار ادا کیا اور ڈیبیو پر کئی ریکارڈز بھی اپنے نام کرلیے۔انگلینڈ کے خلاف دوسری اننگز میں رضا اللہ نے نویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 63 گیندوں پر 81 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی،۔
جس کی بدولت پاکستان نے انگلینڈ کے سامنے 130 رنز کا ہدف رکھا۔رضا اللہ نے اپنی اننگز کے دوران 9 چھکے لگائے اور ڈیبیو ٹیسٹ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا عالمی ریکارڈ برابر کردیا۔ ان کے علاوہ محمد عباس نے بھی 42 رنز کی اننگز میں 2 چھکے لگائے۔ٹیسٹ کرکٹ میں یہ پہلا موقع ہے جب نویں سے گیارہویں نمبر تک بیٹنگ کرنے والے کھلاڑیوں نے ایک اننگز میں مجموعی طور پر 10 چھکے لگائے۔رضا اللہ نے انگلینڈ کے خلاف 43 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی، جس کے ساتھ ہی وہ ٹیسٹ ڈیبیو پر تیز ترین ففٹی بنانے والے پاکستانی بیٹر بن گئے۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ فہیم اشرف کے پاس تھا، جنہوں نے 2018 میں ڈیبیو پر 52 گیندوں میں نصف سنچری بنائی تھی۔رضا اللہ نے ایک اور منفرد اعزاز بھی اپنے نام کیا۔ وہ گزشتہ 15 برس کے دوران ایک ٹیسٹ اننگز میں فاسٹ بولرز کے خلاف 8 چھکے لگانے والے پہلے پاکستانی بیٹر بن گئے ہیں۔
برمنگھم ٹیسٹ میں رضا اللہ نے پہلی اننگز میں 11 جبکہ دوسری اننگز میں 81 رنز بنائے۔ اس کارکردگی کے ساتھ وہ ڈیبیو ٹیسٹ میں انگلینڈ کے خلاف سب سے زیادہ رنز بنانے والے پاکستانی بیٹر بھی بن گئے۔واضح رہے کہ برمنگھم ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں پاکستان کی پوری ٹیم 449 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، جس کے بعد انگلینڈ کو میچ جیتنے کے لیے 130 رنز کا ہدف ملا ہے۔تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں میزبان انگلینڈ کو پاکستان کے خلاف 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.