تہران سے بغداد، مسقط جانے والی پروازیں منسوخ، نجف کے لیے متبادل انتظامات
ایرانی حکام نے تہران سے بغداد اور مسقط جانے والی تمام پروازیں منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
ایرانی حکام کے مطابق منگل کی شب سے تہران سے بغداد اور مسقط کے لیے فضائی آپریشن معطل کر دیا گیا، جبکہ ایران سے عراق جانے والی بعض پروازوں کا رخ نجف ایئرپورٹ کی جانب موڑا جا رہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ استنبول سمیت دیگر بین الاقوامی روٹس پر پروازیں معمول کے شیڈول کے مطابق جاری رہیں گی۔
دوسری جانب عراقی حکام نے بھی بدھ کی نصف شب سے ایران سے بغداد آنے والی پروازیں معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق عراقی حکومت ایرانی پروازوں کو بغداد کے بجائے نجف ایئرپورٹ منتقل کرنے کے آپشن پر غور کر رہی ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب گزشتہ دنوں امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے خبردار کیا تھا کہ امریکی پابندیوں کے باعث 23 ستمبر سے ایرانی ایئرلائنز کی عالمی پروازیں متاثر ہو سکتی ہیں۔
امریکی وزیر خزانہ کے مطابق ایرانی ایئرلائنز کو ایندھن، لینڈنگ کی سہولیات یا ٹکٹ فروخت کرنے والی کمپنیوں اور ہوائی اڈوں کو امریکی مالیاتی نظام سے متعلق پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.