آبنائے ہرمز میں ایرانی میزائل حملہ، 8 امریکی فوجیوں کے زخمی ہونے کی تصدیق
آبنائے ہرمز میں امریکی بحری جہاز پر ایرانی حملے کے نتیجے میں 8 امریکی فوجیوں کے زخمی ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ تقریباً دو ہفتے قبل پیش آیا، جب ایرانی فوج نے امریکی جہاز کو کروز میزائل سے نشانہ بنایا۔ امریکی حکام نے حملے اور اس کے نتیجے میں فوجیوں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
اس سے قبل رواں ماہ امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ ایران کے ساتھ جاری جنگ کے دوران کم از کم 22 امریکی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ امریکی فوجیوں کی ہلاکتوں کی تعداد پینٹاگون کے سرکاری اعداد و شمار سے زیادہ ہے۔
دوسری جانب امریکی حکام نے ایران کے ساتھ جنگ کے دوران 18 فوجیوں کی ہلاکت اور 417 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی تھی۔امریکی محکمۂ دفاع کے انسپکٹر جنرل کی رپورٹ کے مطابق جنگ کے ابتدائی چار ماہ کے دوران یہ ہلاکتیں ہوئیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسی عرصے میں ایرانی حملوں کے نتیجے میں امریکا کے 18 جنگی طیارے اور ہیلی کاپٹرز سمیت 30 ڈرونز بھی تباہ ہوئے۔رپورٹ کے مطابق 28 فروری سے 30 جون 2026 کے دوران 11 امریکی فوجی جنگی کارروائیوں کے دوران ہلاک ہوئے، جبکہ 7 فوجی غیر جنگی واقعات میں جان سے گئے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.