خیبرپختونخوا میں فی الحال ایمرجنسی یا گورنر راج نافذ نہ کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا میں فوری طور پر ایمرجنسی یا گورنر راج نافذ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو سیاسی حکمت عملی پر نظرثانی کا ایک اور موقع دینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے پی ٹی آئی کو 4 اکتوبر کو اسلام آباد کی جانب مارچ کے فیصلے پر غور کرنے اور محاذ آرائی پر مبنی سیاسی حکمت عملی میں تبدیلی کا موقع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔یہ فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اہم مشیروں اور حکومتی ٹیم کے سینئر ارکان کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس کے دوران خیبرپختونخوا کی موجودہ سیاسی و سکیورٹی صورتحال اور پی ٹی آئی کے مجوزہ مارچ سے متعلق تفصیلی مشاورت کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے ممکنہ آپشنز پر بھی غور کیا گیا، تاہم فی الحال ان میں سے کسی اقدام کو عملی شکل دینے کا فیصلہ نہیں ہوا۔اجلاس میں اس رائے کو تقویت ملی کہ آئندہ چند روز تک پی ٹی آئی کے طرزِ عمل کا جائزہ لیا جائے، خصوصاً یہ دیکھا جائے کہ آیا پارٹی 4 اکتوبر کا مارچ منسوخ کرتی ہے یا اپنی سیاسی حکمت عملی میں کوئی نمایاں تبدیلی لاتی ہے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.