مکہ، مدینہ کو نشانہ بنانے کی کوشش برداشت نہیں، سعودی اتحادی افواج کی حوثیوں کو تنبیہ
سعودی اتحادی افواج نے حوثی ملیشیا کو خبردار کیا ہے کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کو نشانہ بنانے کی کسی بھی کوشش کا جواب دینا ناگزیر ہوگا۔سعودی اتحادی افواج کے مطابق سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں کو روکنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ بحری جہاز رانی کو درپیش حوثی خطرے کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔اتحادی افواج نے حوثیوں پر الزام عائد کیا کہ وہ کئی برس سے یمنی عوام کے لیے مشکلات پیدا کر رہے ہیں اور ان کی کارروائیوں سے یمن میں اتحاد کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
اتحادی افواج نے ایک بار پھر یمن اور اس کے عوام کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔دوسری جانب یمنی حکومت نے حوثی ملیشیا کے خلاف ملک گیر فوجی آپریشن شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔یمنی صدارتی لیڈر شپ کونسل کے سربراہ رشاد العلیمی کے مطابق فوجی آپریشن کا مقصد حوثیوں کے قبضے سے یمنی علاقوں کو آزاد کرانا اور ملک بھر میں ریاستی رٹ مکمل طور پر بحال کرنا ہے۔
انہوں نے حوثیوں کے زیرِ قبضہ علاقوں کے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ یمنی مسلح افواج کے ساتھ تعاون کریں۔رشاد العلیمی کا کہنا تھا کہ حوثیوں کے خلاف فوجی کارروائی کا فیصلہ اس وقت کیا گیا جب کشیدگی کم کرنے کے لیے تمام پرامن راستے اور امکانات ختم ہوگئے۔انہوں نے مزید کہا کہ یمنی افواج جس علاقے کا کنٹرول دوبارہ حاصل کریں گی، وہاں فوری طور پر بحالی اور تعمیرِ نو کا عمل شروع کیا جائے گا۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.