سعودی عرب میں دفاعی نظام کی ویڈیوز بنانے پر سخت پابندی، غیر ملکیوں کو بھی انتباہ
ریاض: سعودی وزارت داخلہ نے سعودی شہریوں کے ساتھ ساتھ ملک میں مقیم غیر ملکیوں کو بھی خبردار کیا ہے کہ دفاعی نظام، میزائلوں یا ڈرونز کو فضا میں روکنے سے متعلق کارروائیوں کی ویڈیوز بنانا اور انہیں سوشل میڈیا پر شیئر کرنا قانوناً جرم ہے۔وزارت داخلہ کے مطابق فوجی اور دفاعی کارروائیوں کی فلم بندی، تصاویر بنانا یا انہیں کسی بھی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر نشر کرنا قومی سلامتی کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔
اس لیے ایسی سرگرمیوں سے مکمل طور پر گریز کیا جائے۔سعودی حکام نے واضح کیا ہے کہ قومی سلامتی سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی پر کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔ قانون توڑنے والے افراد کے خلاف ان کی شہریت سے قطع نظر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
یہ انتباہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مکہ اتحاد برائے دفاع کی اسٹریٹجک، سیاسی اور دفاعی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس ریاض میں منعقد ہوا، جس میں سعودی عرب کو درپیش سکیورٹی صورتحال اور ممکنہ خطرات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے اعلامیے کے مطابق منظور شدہ انتظامات اور تینوں ممالک کے قومی قوانین کے تحت سعودی عرب میں متعلقہ فوجی دستوں اور دفاعی صلاحیتوں کی تیز رفتار تعیناتی کو یقینی بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.