ندال ملک کی سزائے موت براہِ راست نشر کرنے کا فیصلہ نہیں ہوا، ٹرمپ
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ فورٹ ہڈ فوجی اڈے پر فائرنگ کے واقعے میں ملوث مجرم ندال ملک کی سزائے موت کو براہِ راست نشر کرنے کے حوالے سے تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔امریکی صدر نے اپنے بیان میں کہا کہ مجرم کی سزائے موت کی منظوری دے دی گئی ہے، تاہم اسے لائیو دکھانے کے معاملے پر ابھی فیصلہ ہونا باقی ہے۔
اس معاملے پر امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے بھی لاعلمی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں معلوم نہیں کہ پینٹاگون ندال ملک کی سزائے موت براہِ راست نشر کرے گا یا نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر اس سزا کو براہِ راست دکھایا بھی گیا تو وہ اسے نہیں دیکھیں گے۔
اس سے قبل پینٹاگون کی جانب سے امریکی فوجی ندال ملک کی سزائے موت براہِ راست نشر کرنے کا اعلان سامنے آیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق فورٹ ہڈ فوجی اڈے پر حملے کے مجرم کو 3 دسمبر کو فائرنگ اسکواڈ کے ذریعے سزائے موت دی جائے گی۔ندال ملک کو 2009 میں ٹیکساس کے فورٹ ہڈ فوجی اڈے پر فائرنگ کے واقعے میں ملوث ہونے پر سزا سنائی گئی تھی۔
اس حملے میں 13 افراد ہلاک جبکہ 32 زخمی ہوگئے تھے۔سزائے موت کو براہِ راست نشر کرنے کے معاملے پر امریکی حکام کے بیانات کے بعد اب حتمی فیصلے کا انتظار ہے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.