مسلم کمیونٹی کو فرانسیسی ہنگاموں کا ذمہ دار قرار دینا حماقت ہے: صدر میکرون
فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے ملک میں ہونے والی حالیہ کشیدگی اور ہنگامہ آرائی پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان واقعات کا ملبہ مسلمانوں پر ڈالنا سراسر احمقانہ ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بعض غیر ملکی رہنما اپنے سیاسی مقاصد حاصل کرنے کے لیے فرانس کی داخلی صورتِ حال کو استعمال کر رہے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرانسیسی صدر نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ سمیت متعدد غیر ملکی شخصیات کی جانب سے دیے گئے بیانات نا قابلِ قبول اور مضحکہ خیز ہیں۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ مصنوعی ذہانت (AI) کا سہارا لے کر ایسے واقعات کی جعلی تصاویر اور مواد تیار کیا گیا جو حقیقت میں رونما ہی نہیں ہوئے تھے۔
صدر میکرون نے ان خدشات اور دعووں کو سختی سے مسترد کر دیا کہ فرانس پر تارکینِ وطن یا اسلام پسندوں کا قبضہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے ان دعووں کو من گھڑت قرار دیتے ہوئے کہا کہ فرانس کی ساکھ کو نقصان پہنچانے والے غیر ملکی رہنماؤں کا یہ غیر ذمہ دارانہ رویہ ان کے لیے شدید تشویش کا باعث ہے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.