عالمی پنجابی کانفرنس: بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ بھگونت مان کو لاہور آنے کی دعوت
بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ بھگونت سنگھ مان نے تصدیق کی ہے کہ انہیں 27 نومبر کو لاہور میں ہونے والی عالمی پنجابی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ انہوں نے پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں خطوں کی ثقافت مشترک ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھگونت مان نے جمعے کے روز پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران بتایا کہ کانفرنس کے منتظمین نے انہیں لاہور آنے کی دعوت دینے کے ساتھ میزبانی کی پیشکش بھی کی ہے۔
گفتگو کے دوران وزیراعلیٰ نے اپنے مخصوص مزاحیہ اور طنزیہ انداز میں بیرونِ ملک سفر کے لیے درکار حکومتی اجازتوں کا ذکر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب بھارتی حکومت انہیں فرانس اور جاپان جیسے ممالک جانے کی اجازت نہیں دیتی تو پاکستان جانے کی اجازت ملنے کی توقع کیسے کی جا سکتی ہے۔بھگونت سنگھ مان نے کہا کہ دونوں خطوں کی ثقافت ایک جیسی ہے اور ان کے شاعر سمیت دیگر افراد لاہور جائیں گے۔ انہوں نے اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھی اس کانفرنس میں شرکت کے لیے لاہور آنا چاہتے ہیں۔
اس موقع پر بھارتی پنجاب اسمبلی کے اسپیکر نے وزیراعلیٰ سے مزاحیہ انداز میں کہا کہ اگر انہیں پاکستان جانے کی اجازت مل جائے تو وہ انہیں بھی اپنے ساتھ لے جائیں۔اس پر بھگونت مان نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ وہ سب مل کر کرتارپور جائیں۔بھارتی وزیراعلیٰ کے اس بیان کے بعد لاہور میں ہونے والی عالمی پنجابی کانفرنس میں ان کی ممکنہ شرکت اور پاکستان کے دورے کے حوالے سے دلچسپی بڑھ گئی ہے۔ تاہم ان کی شرکت کا حتمی فیصلہ متعلقہ حکام کی اجازت سے مشروط ہوگا۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.