صائم ایوب اسکواڈ سے باہر، صاحبزادہ فرحان کو قومی ٹیم میں طلب کرلیا گیا
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سہ ملکی ون ڈے سیریز کے دوران اوپننگ بیٹر صائم ایوب کو قومی اسکواڈ سے ریلیز کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے صاحبزادہ فرحان کو ٹیم میں شامل کرلیا ہے۔پی سی بی کے مطابق صائم ایوب نے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن سے گفتگو کے دوران اسکواڈ سے ریلیز کیے جانے کی درخواست کی تھی، جسے ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی نے باہمی مشاورت سے منظور کرلیا۔
بورڈ کا کہنا ہے کہ صائم ایوب ڈومیسٹک کرکٹ میں اپنی بیٹنگ پر مزید کام کرنا چاہتے ہیں۔ ان کی موجودہ فارم کو مدنظر رکھتے ہوئے اس فیصلے کو سراہا گیا ہے۔دوسری جانب صاحبزادہ فرحان کو قومی اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے، جو جلد ٹیم کو جوائن کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وہ نیپال پریمیئر لیگ میں شرکت کے لیے اس وقت کھٹمنڈو میں موجود ہیں، تاہم قومی ذمہ داریوں کے لیے انہیں طلب کرلیا گیا ہے۔ وہ پہلی دستیاب پرواز کے ذریعے وطن واپس روانہ ہوں گے۔واضح رہے کہ مسلسل تین میچز جیت کر فائنل میں جگہ بنانے والی پاکستانی ٹیم سہ ملکی ون ڈے سیریز کے پانچویں مقابلے میں منگل، 27 اکتوبر کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں سری لنکا کے مدمقابل ہوگی۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.