پاکستان سے 28 لاکھ سے زائد افغان شہریوں کی واپسی، پنجاب سے بھی ڈیڑھ لاکھ کے قریب افراد روانہ
پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کی وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے، جس کے تحت اب تک ملک بھر سے 28 لاکھ 7 ہزار 250 افغان باشندوں کو واپس افغانستان بھیجا جا چکا ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے ترجمان کے مطابق صوبے میں بھی انخلا کی کارروائیاں جاری ہیں اور اب تک ایک لاکھ 43 ہزار 474 غیر قانونی افغان شہریوں کو واپس بھجوایا گیا ہے۔ پنجاب بھر میں اس وقت 39 ہولڈنگ سینٹرز کام کر رہے ہیں، جہاں 153 افغان باشندے موجود ہیں۔ ان مراکز میں عارضی قیام، اندراج اور واپسی کے انتظامات فراہم کیے جاتے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ حکومتی پالیسی کے تحت درست ویزا یا قانونی دستاویزات کے بغیر پاکستان میں مقیم افغان شہریوں کا قیام غیر قانونی تصور کیا جاتا ہے۔ ایسے افراد کو حراست میں لے کر ہولڈنگ سینٹرز منتقل کیا جاتا ہے، جہاں قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد انہیں طورخم بارڈر کے ذریعے افغان حکام کے حوالے کر دیا جاتا ہے۔
محکمہ داخلہ کے مطابق غیر قانونی قیام کے خلاف کارروائیوں کے دوران پنجاب کے مختلف رہائشی علاقوں اور تجارتی مراکز میں چار لاکھ سے زائد سرچ آپریشن کیے جا چکے ہیں۔ اس کے علاوہ غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کو مکان یا جائیداد کرائے پر فراہم کرنے والے 803 افراد کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے ہیں۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ ان تمام کارروائیوں کی نگرانی محکمہ داخلہ پنجاب کا فارن نیشنل سکیورٹی ونگ کر رہا ہے، جو مختلف متعلقہ اداروں کے درمیان رابطے اور تعاون کو یقینی بنا رہا ہے۔ محکمہ نے واضح کیا ہے کہ حکومتی کارروائیوں کا دائرہ صرف غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی شہریوں تک محدود ہے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.